انتخابات میں تحریک انصاف کا صفایا نہ کیا تو نام بدل دینا، پرویز خٹک کا چیلنج

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے نوشہرہ سے جلسہ کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا صفایا نہ کیا تو کوئی ہمارا نام بدل دے۔

نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے پرویز خٹک اکیلا ہے وہ آج کا جلسہ دیکھ لیں، عمران خان غرور کرتا ہے اور غرور اللہ کو پسند نہیں۔

پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہاکہ پی ٹی آئی کی جتنی خدمت میں نے کی کوئی نہیں کر سکتا۔ 2013 میں پی ٹی آئی کی کامیابی ان الیکٹیبلز کی وجہ سے ہوئی جو میرے ساتھ آئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان ہر تقریر میں خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہیں، وہ کارکردگی ہماری ہی تھی۔ نوجوان اس غلط فہمی میں نا رہیں کہ عمران خان آکر نیا پاکستان بنائے گا۔

نوجوان غلط فہمی میں نا رہیں کہ عمران خان آکر نیا پاکستان بنائے گا، پرویز خٹک

پرویز خٹک نے کہاکہ عمران خان خاک نیا پاکستان بنائے گا اس نے تو میرے جیسے بندے کو بھی بیوقوف بنایا، یقین ہے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ہمارا ساتھ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے، وہ منشور بنایا جائے گا جس پر عمل کر سکیں۔

پرویز خٹک نے کہاکہ پی ٹی آئی چھوڑی تو ان کے کچھ بچے سوشل میڈیا پر مجھے گالیاں دیتے رہے، ان کے لیڈر نے انہیں تمیز اور تہذیب نہیں سکھائی۔

صوبے میں آئندہ حکومت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ہوگی، محمود خان

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہاکہ صوبے میں آئندہ حکومت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ہو گی۔ ابھی تو آغاز ہے، اب ہم پورے صوبے میں جلسے کریں گے۔

محمود خان نے کہاکہ ملک میں 130 تک سیاسی پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں لیکن الیکشن میں چند ہی ہوتی ہیں۔ ہم کسی کے خلاف بات نہیں کریں گے، پارٹی منشور پر عمل کیا جائے گا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے اپنے ادوار میں خیبرپختونخوا کے اندر پولیس ریفارمز، صحت کارڈ اور بی آرٹی جیسے منصوبے صوبے کو دیے۔ اس کے علاوہ سوات موٹروے کی تعمیر بھی ہمارا کریڈٹ ہے۔ اس کے علاوہ پشاور تا ڈی آئی خان اور دیر موٹروے تعمیر کی۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں درجنوں منصوبے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مکمل کیے۔ اب صوبے میں امن کا مسلئہ ہے اس کو ٹھیک کرینگے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں زراعت کا پوٹینشل موجود ہے، عوام اگر چاہتے ہیں کہ کرپشن اور بیڈ گورننس کو ختم کرنا ہے تو پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کو آگے لائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp