آرمی ایکٹ، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ (سرکاری رازداری (ترمیمی) بل 2023 ) اور پاکستان آرمی (ترمیمی) بل 2023 کو قانون بنانے کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری گزٹ نوٹیفکیشنز پر دستخط کی تاریخ 18 اگست (جمعہ) کی ہے۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجلس شوریٰ  (پارلیمنٹ ) کی جانب سے پیش کیے گئے قوانین کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری ہی سمجھا جاتا ہے۔ یہ بل گزٹ آف پاکستان میں قانون کے طور پر شائع کیے گئے تھے اور ان کی تاریخ 18 اگست 2023 ہے ۔

64e204089f786_138 by Iqbal Anjum on Scribd

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکرعارف علوی نے سرکاری رازداری (ترمیمی) بل 2023 اور پاکستان آرمی ایکٹ (ترمیمی) بل 2023 پر دستخط کرنے کی تردید کی تھی کیونکہ ان  کا کہنا تھا کہ وہ ان قوانین سے متفق نہیں تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عارف علوی کا کہنا تھا کہ ‘جیسا کہ خدا میرا گواہ ہے، میں نے آفیشل سیکریٹس ترمیمی بل 2023 اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023 پر دستخط نہیں کیے کیونکہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا’۔

صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے عملے سے کہا تھا کہ وہ بغیر دستخط کیے گئے بلوں کو مقررہ وقت کے اندر واپس کر دیں تاکہ انہیں ‘غیر مؤثر’ بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر عارف علویؔ کا مزید کہنا تھا کہ ’ میں نے کئی بار عملے سے تصدیق کی کہ آیا انہوں نے بل واپس کر دیا ہے اور مجھے یقین دلایا گیا تھا کہ وہ واپس آ گئے ہیں۔ تاہم، مجھے آج پتہ چلا ہے کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کونہیں مانا۔

64e204410db0a_166 by Iqbal Anjum on Scribd

ادھر نگراں وزیر قانون احمد عرفان اسلم نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اگر صدر 10 دن کے اندر کسی بل کی منظوری نا دیں یا اس پر دستخط نہ کریں تو ملک کے آئین کے مطابق یہ بل خود بخود قانونی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر قانون نے دعویٰ کیا کہ ان کی وزارت کو ایوان صدر سے آفیشل سیکریٹس ایکٹ اور پاکستان آرمی ایکٹ موصول نہیں ہوئے۔

احمد عرفان اسلم کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کے پاس یہ اختیار تھا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر بلوں پر اعتراضات اٹھا سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا جس کی وجہ سے بل خود بخود قانون کی شکل اختیار کر گئے۔

دوسری جانب پاکستان آرمی (ترمیمی) ایکٹ 2023 اور آفیشل سیکرٹ (ترمیمی) ایکٹ 2023 کا گزٹ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ دونوں قوانین کا گزٹ نوٹیفکیشن 18 اگست کو جاری کیا گیا اور یہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ 11 اگست اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ 17 اگست سے نافذ العمل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp