ایشیا کپ: پاک بھارت میچ بارش کی نذر، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا

ہفتہ 2 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ کا انتہائی اہم پاک بھارت ٹاکرا بارش کی نذر ہو گیا، بھارت کی اننگز کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو نہ رکنے کے باعث میچ بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا، یوں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے خلاف بھارت کی ساری ٹیم 266 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے بھارت کی ساری ٹیم 48.5 اوورز میں آل آؤٹ کر دی۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ نے 4، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت کی بیٹنگ

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی تو بھارتی بیٹرز دباؤ کا شکار نظر آئے۔ روہت شرما 15 اسکور بنا سکے جبکہ کوہلی محض 4 رنز پر شاہین شاہ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد حارث رؤف نے شرئیس ائیر کو 14 رنز پر آؤٹ کر دیا، بارش کے بعد میچ جب دوبارہ شروع ہوا تو شمبن گل بھی حارث رؤف کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔

4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ہاردیک پانڈیا اور ایشان کشن نے ٹیم کو سہارا دیا اور بھرپور پارٹنر شپ کی، ایشان کشن 82 رنز بنا کر حارث رؤف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردیک پانڈیا کو شاہین شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، اور یوں بھارتی ٹیم 266 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور انہیں 35 رنز پڑے، حارث رؤف نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 36 رنز دے کر 3 شکار کیے۔

سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالی کیلے گراؤنڈ میں کھیل شروع ہونے کے چند اوورز بعد تیز بارش ہوئی، بارش کے باعث کھیل کو 2 بار روکا گیا اور پچ کو کورز سے ڈھانپ لیا گیا تھا۔

ایشیا کپ کے پاکستان اور بھارت کے پہلے ہائی ولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، بارش سے قبل روہت شرما اور شبمن گل نے اوپننگ کرتے ہوئے 4 اعشاریہ 2 اوورز کے دوران 15 اسکور کیے، شاہین شاہ آفریدی نے روایت برقرار رکھتے ہوئے پہلی اوور میں وکٹ لینے کی کوشش کی لیکن فخر زمان کیچ ڈراپ کرگئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ موسم خراب ہے لیکن اچھاکھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، بڑے ایونٹ میں پوری تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔ بڑا اسکور کرکے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے کہاکہ بڑا ایونٹ ہے سب کی نظریں آج کے میچ پر ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمیشہ کی طرح ہائی ولٹیج میچ ہے اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

بابر اعظم نے کہاکہ سری لنکا کی کنڈیشن سے واقف ہیں، پچھلے ڈیڑھ ماہ سے سری لنکا میں ہی کھیل رہے ہیں پوری کوشش ہوگی کہ اچھی کارکردگی دکھائیں۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم نے ٹیم میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کی ہے۔

پاکستان اسکواڈ:

پاکستان اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر) محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بھارتی اسکواڈ:

بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، شبمن گل، ہاردیک پانڈیا، رویندار جدیدا، جسپرت بمرا، ایشانت کشن، محمد شامی، کُلدیپ یادو، شریاس آئیر اور محمد سراج ٹیم کا حصہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp