پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

اتوار 3 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے  جنوبی افریقہ  کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔ اس نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 7 وکٹوں سے جیت لیا  ہے۔

اس سے قبل جمعہ کو کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی پاکستان ویمنز ٹیم نے 5 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

 نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اتوار  کو کھیلے گئے میچ میں ندا ڈار  نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ ویمنز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ پہلے میچ میں بھی جنوبی افریقہ نے یہی اسکور کیا تھا۔

جواب میں پاکستان ویمنز قومی ٹیم نے 19 اعشاریہ ایک اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

جنوبی افریقہ کی کپتان لورا ووفارٹ اور ٹیزمین برٹس نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز دیا اور74 رنز کی شراکت قائم کی۔

لورا ووفارٹ 6 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔

 پہلے میچ میں78 رنز بنانے والی برٹس 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر بسمہ معروف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔

ماریزان کیپ نے26 رنز اسکور کیے۔نیدین دی کلیرک نے صرف 11 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر21 رنز بنائے جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔ میچ میں سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی پہلی وکٹ 23رنز کے مجموعی اسکور  پر گری جب شوال ذوالفقار4 رنز بناکر ملابا کی گیند پر برٹس کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں جس کے بعد بسمہ معروف اور سدرہ امین اسکور کو 91  تک لے گئیں۔اس موقع پر بسمہ معروف 26گیندوں پر 27  رنز بناکر ملابا کی گیندپر بولڈ ہوگئیں۔

سدرہ امین نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے  کی مدد سے61 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔

سدرہ امین جب آؤٹ ہوئیں تو پاکستان ویمنز کو جیتنے کے لیے 34گیندوں پر49 رنز درکار تھے۔

اس مرحلے پر منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے پہلے میچ کی طرح پاکستان ویمنز ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں54 رنز کا اضافہ کیا۔

منیبہ علی نے پندرہ گیندوں پر 26 رنز اسکور کیے۔ ان کی انننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عالیہ ریاض 18 گیندوں پر 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

پاکستان ویمنز اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ پیر کے روز کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم نے ام ہانی کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی ۔ پہلے میچ میں شوال ذوالفقار کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp