سری لنکا نے لگاتار 11 میچ جیت رکھے ہیں پھر بھی اگر آج انہیں افغانستان سے بڑے مارجن سے شکست ہو جاتی ہے تو انکا ایشیا کپ کا سفر ختم ہو جائے گا۔ سری لنکا نے ایشیا کپ میں ابھی تک بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ کھیلا ہے اور جیتا ہے۔
اگر افغانستان کو سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے تو انہیں آج پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 275 رنز بنانے ہوں گے اور پھر یہ میچ 68 رنز سے جیتنا بھی ہوگا۔ اسی طرح اگر وہ دوسری بیٹنگ کرتے ہیں تو ٹارگٹ 35 اوور میں پورا کرنا ہوگا۔ چونکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوتی ہے اور انکی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں تو افغانستان کے پاس ہے یہ کر دکھانے کا ایک اچھا موقع ہے۔
آج کے میچ کا ٹاس خاص اہمیت کا حامل ہے، دوسری اننگز میں باؤلنگ کرنے والی ٹیم کو اوس پڑنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے آخری پانچ میچوں میں سے سری لنکا نے 3 جبکہ افغانستان نے 2 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اور اگر دونوں ٹیموں کی آخری پانچ میچوں کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو افغانستان اپنے پانچ کے پانچ میچ ہارا ہے جبکہ سری لنکا اپنے آخری پانچ کے پانچ میچ جیتا ہوا ہے۔
آج کے میچ میں کون کون سے کھلاڑی مرکز نگاہ ہوں گے؟
رحمان اللہ گرباز
رحمان اللہ گرباز نے ابھی تک لنکا پریمیئر لیگ کے سارے ایڈیشنز میں شرکت کی ہے تو انکے لیے سری لنکا کے باؤلرز نئے نہیں ہوں گے اور انکو کھیلنا انکے لیے بہت آسان ہوگا۔
رحمان اللہ گرباز اس وقت زبردست فارم میں بھی دکھائی دیتے ہیں انہوں نے پاکستان کے خلاف اپنی ہوم سیریز میں شاندار سنچری بھی اسکور کی ہے۔
دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے افغانی وکٹ کیپر بلے باز کو آج کے میچ میں خاص اہمیت حاصل ہے اگرافغانستان کو میچ جیتنے کی شرائط پوری کرنی ہیں تو انکا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے۔
مہیش ٹھیکشانا
جہاں افغانستان کے رحمان اللہ گرباز فارم میں ہیں تو وہیں لنکن باؤلر مہیش ٹھیکشانا کا جادو بھی سر چڑھ کے بول رہا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے لیے آخری 23 میچوں میں ہر ایک میچ میں وکٹ حاصل کی ہے جبکہ انکی اکانومی بھی بہت زبردست ہے، کیونکہ کہ اب تک کھیلے گئے میچوں میں صرف 5 بار انکی اکانومی 5 رنز سے اوپر گئی ہے۔
متوقع تبدیلیاں:
افغانستان کے فاسٹ بولرز نے بنگلہ دیش کے خلاف کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کی اس لیے امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نور محمد کو کریم جنت، گلبدین نیب یا پھر ریاض حسن کی جگی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ دوسری جانب امکان ہے کہ سری لنکا آج بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اترے گا۔
پچ اور موسم:
لاہور کی پچ پر بنگلہ دیش نے آخری میچ میں باآسانی 334 رنز بنا ڈالے تھے تو امکان یہی ہے کہ آج کا میچ بڑے اسکور والا میچ ہوگا جس میں 300 سے زائد رنز بنیں گے۔
آج کے میچ میں کون کون سے ریکارڈز بن سکتے ہیں؟
1-سری لنکا اگر آج کا میچ جیت جاتا ہے تو وہ اپنی تاریخ میں پہلی بار لگاتار 12 میچز جیتنے کا ریکارڈ قائم کردے گا۔ اس سے پہلے پاکستان نے ایک بار، ساؤتھ افریقہ نے 2 بار لگاتار 12 میچ جیتے ہیں۔ کرکٹ کی تاریخ میں لگاتار 21 میچ جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے۔
2- سری لنکا نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اب تک 13 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 9 جیتے ہیں یوں انکی اس میدان میں جیتنے کی اوسط 69.23 ہے جس کسی بھی ٹیم (جس نے اس میدان میں کم از 10میچز کھیلے ہیں) سے زیادہ ہے۔
3- افغانی وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کو ایک روزہ میچز میں 1000 رنز مکمل کرنے کے لیے 46 رنز درکار ہیں۔