نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے لندن میں کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز اجلاس کے دوران برطانوی منسٹر آف اسٹیٹ لارڈ طارق احمد سے ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اور لارڈ طارق احمد نے پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرا نے باہمی تعلقات کی موجودہ سمت پر اظہار اطمینان کیا۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے باہمی تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اقدامات پر اتفاق کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت میں اضافہ، تعلیم کے شعبہ میں تعاون اور موسمی تغیرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
جلیل عباس جیلانی اور لارڈ طارق نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں نے برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی دونوں ملکوں کے لیے خدمات کو سراہا۔