حکومت کی ہدایات پر ملک بھر میں بجلی کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
لاہور کے گنگا رام اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر سلیم اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فرزانہ سلیم بھی پرائیویٹ کلینک پر بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ترجمان لیسکو نے بتایا ہے کہ ایم ایس گنگا رام اسپتال ڈاکٹر عامر سلیم کے پرائیویٹ کلینک (جو ان کی بیوی ڈاکٹر فرزانہ سلیم چلاتی ہیں) پر بجلی چوری پکڑی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی او سول ایریا قصور راشد محمود کے مطابق ڈاکٹر عامر سلیم کے کلینک کا 2 لاکھ 64 ہزار روپے کا بجلی بل بقایا تھا، جس کی بنیاد پر ان کا میٹر اتار لیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق لیسکو اسٹاف نے موقع پر تاریں اتار لی تھیں جو کہ ڈائریکٹ لگا لی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ کنکشن کاٹنے پر کلینک کے اسٹاف نے لیسکو اہلکار کو کلینک میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں بھی دیں۔
ایس ڈی او سول ایریا قصور کی جانب سے ڈاکٹر عامر سلیم اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فرزانہ سلیم کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آررجسٹرڈ کروا دی گئی ہے اور 3 ہزار یونٹس بھی چارج کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بجلی کے بل زیادہ آنے کے بعد عوام کی جانب سے احتجاج کرنے پر ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
آج چیئرمین نیپرا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو تو بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔