لاہور پولیس کا بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور پولیس کا بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اب تک 8506 بجلی چوروں کے خلاف 7899 مقدمات درج کرکے کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

لاہور پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن میں 1641 افراد کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں 1596 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ کینٹ ڈویژن میں 2157 افراد کے خلاف 1988 ایف آئی آرز جبکہ سول لائنز میں 779 افراد کے خلاف 659 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

صدر ڈویژن میں 1271 افراد کے خلاف 1117 ایف آئی آرز، اقبال ٹاؤن میں 1510 بجلی چوروں کے خلاف 1417 ایف آئی آرز اور ماڈل ٹاؤن میں بجلی چوری میں ملوث 1148 افراد کے خلاف 1122 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے جو مزید تیز کیا جائے گا۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکمے سے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ بجلی چوری سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے پوری قوم کے مجرم ہیں۔

سربراہ لاہور پولیس نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی اور ہر بجلی چور کو قانون کی گرفت میں لا کر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp