ایشین گیمز: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم چین پہنچ گئی، باکسرز منگل کو روانہ ہوں گے

پیر 18 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم 19 ویں ایشین گیمز میں شرکت کے لیے چین کے شہر ہانگزو پہنچ گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز ٹیم اس سے قبل کھیلے گئے  سنہ 2010 اور سنہ 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکی ہے۔

قومی ویمنز ٹیم جس نے سنہ 2014 میں ایشین گیمز میں بنگلہ دیش کو ہراکر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

پاکستان ویمنز ٹیم ایشین گیمز میں اپنا پہلا میچ بروز جمعرات 21 ستمبر کو کوارٹرفائنل میں کھیلے گی۔

قومی باکسنگ ٹیم منگل کو روانہ ہو گی

قومی باکسنگ ٹیم کے کھلاڑی ایشین گیمز میں شرکت کے لیے منگل کو چین روانہ ہوں گے۔

قومی باکسنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ ارشد حسین نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستانی باکسر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور وہ مقابلے میں شرکت کے لیے منگل کو چین روانہ ہو ں گے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد حسین نے کہا کہ باکسنگ کا دستہ 4 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز پر مشتمل ہوگا۔ کھلاڑیوں میں 3 مرد اور ایک خاتون باکسر شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں زوہیب رشید، محمد قاسم، ابراہیم اور فاطمہ زہرہ شامل ہیں۔

 

ٹیم کے ہمراہ کوچنگ کے فرائض اولمپین ارشد حسین دیں گے اور ٹیم منیجر محمود ریاض لغاری ہوں گے۔ ایشین گیمز میں باکسنگ کے ایونٹ میں 45 ممالک کے باکسرز حصہ لیں گے۔

گولڈ میڈلسٹ زوہیب رشید ایشین گیمز میں قومی باکسرز کو لیڈ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں 3 ماہ تک تربیت حاصل کی ہے اور امید ہے کہ ایشین گیمز میں کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں شرکت کے بعد باکسنگ کا دستہ 3 اکتوبر کو واپس وطن پہنچے گا۔

مستند خبروں، ویڈیوز اور تجزیوں کے لیے وی نیوز کا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp