کینیڈا نے سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہونے پر بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا

منگل 19 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا کے انٹیلیجنس اداروں نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کی موت اور انڈین ریاست کے درمیان ایک ’قابل اعتماد‘ تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ سکھ رہنما کی ہلاکت کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

کینیڈا کی وزیرخارجہ میلانیا جولی نے وزیراعظم ٹروڈو کے تبصرے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کینیڈا نے 18 ستمبر بروز سوموار کو اعلیٰ ترین انڈین سفارتکار پون کمار رائے کو بھی اس معاملے پر ملک بدر کر دیا ہے، ملک بدر کیے جانے والے انڈیا کے اعلیٰ سفارتکار کینیڈا میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی را کے سربراہ تھے۔

کینیڈا کے خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حال ہی میں انڈیا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔

کینیڈین وزیراعظم ٹروڈو نے گزشتہ روز کینیڈا کی پارلیمان میں کہا کہ ’کینیڈا کی سرزمین پر کسی کینیڈین شہری کے قتل میں کسی غیر ملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے۔یہ آزاد، کھلے اور جمہوری معاشروں کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔‘

یاد رہے کہ خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں رواں برس 18 جون کو سکھ گرودوارہ کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ انڈیا نے اس سے قبل خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کی تھی۔

کینیڈین وزیرخارجہ میلانیا جولی نے کہا کہ کینیڈین حکام سکھ رہنما کے قتل سے متعلق ہونے والی تحقیقات کے پیش نظر عوامی سطح پر زیادہ معلومات دینے سے قاصر ہیں۔ تفتیش کاروں نے 45 سالہ ہردیپ سنگھ کی موت کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیا تھا۔

سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو 2 نقاب پوش مسلح افراد نے جون کے وسط میں وینکوور سے قریباً 30 کلومیٹر دور واقع شہر سرے کے سکھ گرودوارے کی کار پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

ہردیپ سنگھ کینیڈا کے مشہور سکھ رہنما تھے۔ انہوں نے عوامی سطح پر خالصتان ریاست کے لیے تحریک چلائی تھی۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں بھی اپنی سرگرمی کی وجہ سے دھمکیوں کا نشانہ بنے تھے۔

خالصتانی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ حالیہ مہینوں میں قتل کیے جانے والی تیسری معروف سکھ شخصیت تھے۔ جون 2023 میں برطانیہ میں مقیم اوتار سنگھ کھنڈا کی پراسرار موت ہوئی تھی۔ وہ خالصتان لبریشن فورس کے سربراہ تھے۔ ان کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں زہر دے کر مارا گیا ہے۔

 پرمجیت سنگھ پنجوار جنہیں بھارت نے دہشت گرد قرار دیا تھا کو مئی 2023 میں پاکستان کے شہر لاہور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

علیحدگی پسند سکھ تنظیموں نے ان واقعات کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی حکومت سکھ علیحدگی پسند رہنماؤں کو قتل کروا رہی ہے۔ بھارت میں سکھوں کی آبادی 2 فیصد ہے، سکھ ایک علیحدہ ملک ’خالصتان‘ بنانے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔

بھارت نے بھی کینیڈین سفارتکار کو ملک بدر کردیا

بھارت نے کہا ہے کہ اس نے کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو 5 روز کے اندر ملک چھوڑنے کے نوٹس کے ساتھ ملک بدر کر دیا ہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دہلی میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا اور انہیں بے دخلی کے فیصلے کے بارے میں بتا دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ہمارے اندرونی معاملات میں کینیڈین سفارتکاروں کی مداخلت اور بھارت مخالف سرگرمیوں میں ان کے ملوث ہونے پر بھارتی حکومت کی بڑھتی تشویش کو ظاہر کرتا ہے۔

قبل ازیں بھارت نے کینیڈا کے الزام کو مضحکہ خیز اور کسی مقصد کے تحت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا اور اس نے کینیڈا پر اس کی سرزمین سے کام کرنے والے بھارت مخالف عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر زور دیا تھا۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے پر پہلے سے جاری بات چیت کا عمل بھی معطل کر دیا تھا۔ کینیڈا کی وزیر تجارت میری این کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ کینیڈا نے دو طرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت روک دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp