کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی کرکٹرز کو ویزے جاری، ٹیم آج بھارت روانہ ہو گی

پیر 25 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی جانب سے عالمی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) سے شکایت رنگ لے آئی بالآخر بھارتی حکومت نے غیر معمولی تاخیر کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کر دیے، قومی ٹیم منگل کو براستہ دبئی بھارت روانہ ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان عمر فاروق کلسن نے تصدیق کی ہے کہ غیر معمولی تاخیر کے بعد بھارتی حکومت نے پیر کی درمیانی رات کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کے لیے ویزے جاری کیے جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کے لیے ہمسایہ ملک کا سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آخر کار اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے پاسپورٹ لینے کے لیے کال موصول ہو ہی گئی ہے اور اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ اسکواڈ منگل کو براستہ دبئی بھارت کے لیے روانہ ہو جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم 27 ستمبر کو لاہور سے دبئی جائے گی جس کے بعد وہ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلنے کے لیے بھارت کے شہر حیدرآباد روانہ ہوگی۔

یہ پیش رفت پی سی بی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھارتی ویزوں کے اجراء میں ‘غیر معمولی تاخیر’ کے حوالے سے تشویش کے اظہار کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کو خط لکھ کر پاکستان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ورلڈ کپ کے حوالے سے ان ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بڑے ٹورنامنٹ سے قبل غیر یقینی صورتحال سے گزرنا پڑا۔

عمر فاروق کلسن نے کہا کہ بورڈ گزشتہ 3 سالوں سے آئی سی سی کو ذمہ داریوں کے بارے میں یاد دلاتا رہا ہے لیکن یہ سب کچھ آخری دو دنوں میں ختم ہوگیا ہے کیونکہ قومی ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو شیڈول ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس تاخیر کے باعث ’ ہمیں بھارت جاتے ہوئے دبئی میں ٹیم کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنے اصل منصوبے کو منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ ہمیں اپنے منصوبے پر دوبارہ کام کرنا پڑا ہے اور نئی پروازیں بک کرنی پڑی ہیں۔

ادھر ’ای ایس پی این کرک انفو‘کے مطابق ویزا کے لیے درخواست مبینہ طور پر ایک ہفتہ قبل دی گئی تھیں۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو 25 ستمبر کو دبئی روانہ ہونا تھا اور وہاں 2 روز قیام کرنا تھا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کا ارادہ رکھنے والے شائقین اور صحافیوں کو ہندوستانی ہائی کمیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے ویزا کے لیے درخواست دینی پڑی۔

ہائی کمیشن کی ویب سائٹ تک رسائی کے مسائل کی وجہ سے ویزا کے متلاشی افراد کا کہنا تھا کہ انہیں سائٹ تک رسائی حاصل کرتے وقت وی پی این استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp