ایشین گیمز: انڈیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلہ میں 10 گول سے شکست دیدی

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پول میچز میں انڈیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلہ میں 10 گول سے شکست دیدی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق انڈین ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ پاکستان اور جاپان کے مابین سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ کن میچ ابھی باقی ہے جو 2 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔

عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود انڈین ہاکی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر موجود پاکستان ہاکی ٹیم کو کھیل کے پہلے کواٹر میں 2 گول اسکور کیے۔

پہلا فیلڈ گول انڈیا کی جانب سے 8ویں منٹ میں مندیپ سنگھ نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کھیل کے 11ویں اور 17ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول اسکور کرکے ہرمن پریت سنگھ نے انڈین ٹیم کی برتری کو مستحکم بنایا۔

کھیل کے 30ویں منٹ میں صمیت نے انڈیا کے لیے چوتھا گول اسکور کیا۔ کھیل کے تیسرے کواٹر میں 33ویں اور 34ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ ہرمن پریت سنگھ نے انڈیا کی جانب سے گول اسکور کیے۔ کھیل کے 38ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول اسکور کیا۔

مزید پڑھیں

انڈیا کی جانب سے کھیل کے 41ویں منٹ میں وارون کمار نے فیلڈ گول اسکور کیا۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول رانا عبدالوحید نے کھیل کے 45ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعہ اسکور کیا۔ انڈیا کی جانب سے آٹھواں گول شمشیر سنگھ نے کھیل کے 46ویں منٹ میں اسکور کیا۔ انڈین کھلاڑی للیت کمار نے کھیل کے 49ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کیا۔ انڈین ٹیم کی جانب سے کھیل کے 54ویں منٹ میں وارون کمار نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول اسکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 2اکتوبر کو جاپان کے خلاف اپنا پانچواں اور آخری پول میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساٹھے 3 بجے کھیلے گی۔

ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو 2 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگاپور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا، ملائشیا، چائنا، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp