کرکٹ ورلڈ کپ: شاہینو! ’یہ موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا‘

منگل 3 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کرکٹ کے عالمی مقابلے کے لیے منتخب کیے گئے اسکواڈ کو متوازن قرار دیا ہے، اور ساتھ ہی شاداب خان اور فخر زمان سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔

سابق کپتان نے ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس بہترین موقع ہے کہ ایشین کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ورلڈ کپ کی ٹرافی حاصل کرنے کی جانب بڑھے کیوں کہ ایسا موقع پھر نہیں ملے گا۔

شاہد آفریدی نے کہاکہ مڈل اوورز میں ضروری ہے کہ شاداب اور اسامہ میر وکٹیں لیں، ان کا کہنا تھا کہ زمان خان کو بھی ٹیم میں ہونا چاہیے۔

اس سے قبل شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پورے ورلڈ کپ کے دوران آپ کی باڈی لینگویج جارحانہ ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کے عالمی مقابلے کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جار ہا ہے، قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ اور ناقابل فراموش لمحات

کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندرمودی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔

بابر الیون کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ موجودہ قومی ٹیم بھارت کی کنڈیشنز سے واقف نہیں ہے، کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات کی وجہ سے قومی ٹیم عرصہ دراز سے انڈیا جا کر نہیں کھیلی۔

ورلڈ کپ سے قبل مختلف کرکٹ اسٹارز کی طرف سے پیشگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں، گزشتہ روز بھارت کے سابق کرکٹر گوتم گھمبیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اس ورلڈ کپ میں 3 سے 4 سینچریاں اسکور کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp