پیٹ کی چربی کی وجوہات اور اسے ختم کرنے کے آسان طریقے

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹ کی چربی دکھنے میں جتنی بری لگتی ہے، صحت کے لیے بھی اتنی ہی نقصان دہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چربی بعض اوقات پیٹ کے اندر موجود اعضا کے گرد جمع ہوکر دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ اس قسم کی چربی صرف موٹے افراد ہی نہیں بلکہ بظاہر دبلے پتلے نظر آنے والے افراد میں بھی موجود ہو سکتی ہے۔

پیٹ کی چربی کیوں ٹس سے مس نہیں ہوتی اور اس کی موجودگی کی کیا  وجوہات ہیں، ان باتوں کا جاننا سبھی کے لیے بے حد ضروری ہے:

 جسم کے لیے فوری توانائی کا ذریعہ

پیٹ کی چربی جسم کے لیے فوری توانائی کا ذریعہ بنتی ہے، یہ چربی باآسانی جسم میں جمع ہوجاتی ہے مگر اسے ختم کرنا بالکل بھی آسان نہیں کیونکہ جسم توانائی کے اس آسان ذریعے کو خود سے جدا نہیں کرنا چاہتا۔

غذا کا انتخاب

زیادہ میٹھے اور چکنائی والی غذاؤں سے پیٹ کی چربی میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔

 شراب نوشی

شراب نوشی کی عادت بھی پیٹ کی چربی میں اضافے کی وجہ بنتی ہے۔

ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی

ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کی وجہ سے انسانی جسم میں کورٹیسول ہارمون کا مسلسل اخراج ہوتا ہے جو زیادہ چربی پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے۔

عمر

بڑھتی ہوئی عمر کا تعلق بھی پیٹ کی چربی سے ہو سکتا ہے کیونکہ بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ہارمونز کی تبدیلیوں سے جسم اور پیٹ کی چربی میں اضافہ ہوتا ہے۔

پیٹ کی چربی کی وجہ بننے والی یہ تمام وجوہات ایسی ہیں جنہیں آپ اپنے لائف اسٹائل میں تھوڑی سی تبدیلی لا کر ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتے ہیں جیسا کہ آپ جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ اور کھانے کی عادات کو تبدیل کر کے اپنے پیٹ کی چربی کو کم کر سکتے ہیں۔

اگر آپ واقعی پیٹ کی چربی کو کم کرنے کے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں تو آپ کو ان چند اہم باتوں کا خیال رکھنا ہو گا:

سب سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کریں

اپنی خوراک میں زیادہ سے زیادہ فائبر شامل کریں

مشروبات اور کولڈ ڈرنکس سے اجتناب کریں

کھانے، پینے کی ڈبہ بند اشیا میں شامل اجزا کی معلومات کو غور سے پڑھیں

انڈہ، مرغی اور مچھلی کا گوشت، دالیں، لوبیا، سبزیوں کو خوراک کا حصہ بنائیں

ذہنی دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کریں

روزانہ ورزش کریں

پیٹ کی چربی کم کرنے سے متعلق اپنی کارکردگی پر نظر رکھیں

اپنے روزمرہ معمول کو جاری رکھیں

غذائی ضروریات میں توازن کے لیے غذائی ماہر سے رجوع کریں

زیادہ فائبر والی سبزیاں اور پھل

اپنی غذا میں زیادہ فائبر والی سبزیاں (بروکولی اور پالک) اور پھل (سیب، ایواکاڈو، بیر، شہتوت وغیرہ) شامل کریں۔ فائبر آپ کے نظام انہضام کو بہتر کرتا ہے اور وزن یا چربی میں اضافے کا باعث نہیں بنتا۔

سوفٹ ڈرنکس اور شربت کی جگہ کیا پیا جائے؟

آپ سوفٹ ڈرنکس اور شربت کی جگہ ناریل پانی، لیموں یا کسی اور پھل کو  نیم گرم پانی میں ملا کر پئیں، شکر کے بغیر چائے یا کافی اور سادہ پانی استعمال کر کے بھی پیٹ کی چربی کم کی جا سکتی ہے۔

کمر کی پیمائش، خطرہ کہاں ہے؟

ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کا وزن ضرورت سے زیادہ ہوتا ہے، یہ صحت کے لیے کوئی اچھی نشانی نہیں۔ ہر انسان کو چاہیے کہ وہ اپنے پیٹ کی چربی پر نظر رکھے اور اسے زیادہ بڑھنے نہ دے۔ خواتین میں 35 انچ یا زائد کمر صحت کے مسائل میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، اسی طرح مردوں میں 40 انچ یا اس سے زائد کمر کئی ان دیکھے مسائل کو جنم دیتی ہے۔

آخری بات

پیٹ کی چربی سے چھٹکارہ پانا آسان نہیں مگر یہ ناممکن بھی نہیں، اگر آپ اپنی غذا کو بہتر بنائیں، نیند پوری کریں اور روزانہ ورزش سے خود کو مضبوط اور توانا بنائیں تو آپ بھی اپنی بڑھتی ہوئی ویسٹ لائن کو بڑی حد تک کم کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp