میچ میں ’نامناسب رویے‘ پر PCB نے بھارت کے خلاف معاملہ ICC کے سامنے اٹھا دیا

منگل 17 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو نامناسب رویے کا سامنا کرنے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے۔

پی سی بی نے سنیچر کے روز پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے نامناسب رویے پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ’پی سی بی نے احمد آباد میں کھیلے گئے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو غیر مناسب طریقے سے ہدف بنانے پر‘ باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی ہے۔

ویزوں کے اجرا میں تاخیر کا معاملہ

منگل کی شام جاری کیے گئے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزوں کے اجرا میں تاخیر اور ویزہ پالیسی کا اعلان نہ کرنے کا معاملہ ایک بار پھر اٹھایا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر آئی سی سی کے سامنے ایک بار پھر باضابطہ شکایت درج کی ہے جس میں پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ میچز سے محروم کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سنیچر کو بھارت کے شہر احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان کو شائقین کی جانب سے نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نعرے اور اشتعال دلانے کی کوشش

بابر اعظم جب ٹاس کے لیے میدان میں اترے تو ان کے خلاف نامناسب نعرے لگائے گئے تھے جبکہ محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر بھی شائقین نے انہیں مذہبی حوالے سے اشتعال دلانے کی کوشش کی تھی۔

اس تمام صورتحال پر پاکستانی کھلاڑی مکمل طور پر خاموش تھے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی حیرت انگیز طور پر مکمل خاموشی تھی۔

دوسری جانب بھارت نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے لیے تاحال ویزہ پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔

50 میں سے صرف 7 صحافیوں کو ویزے

بھارت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے 50 ایکریڈیٹ صحافیوں میں سے صرف 7 صحافیوں کو تاحال ویزے جارے کیے ہیں جبکہ تماشائیوں کے لیے بھی تاحال ویزہ پالیسی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp