ملک میں معاشی اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں، ڈالر کی گراؤٹ سے مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان ہے۔ ایمپورٹس پر پابندی اور ایکسپورٹس پر زور دینے کے باعث ڈالر کی قلت سے نجات ملنا ممکن ہو رہا ہے لیکن معاشی ماہرین اب بھی زور دے رہے ہیں کہ زرعی پالیسی کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے۔
آنے والے دنوں میں شرح سود میں کمی ہو سکتی ہے، شہریار بٹ
اسٹاک ایکسپرٹ و معاشی ماہر شہریار بٹ نے بتایا کہ بالآخر گیس کی قیمتوں میں حکومت نے اضافہ کردیا ہے ہے جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا، 193 فیصد تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اس میں ایکسپورٹرز کو ریلیف جبکہ ایمپورٹرز کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، گیس کا سرکلر ڈیڈ 1.64 ٹریلن روپے ہے، ان قیمتوں کے اضافے کے بعد اسے کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں
شہریار بٹ کے مطابق معاشی اعشاریوں کو دیکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں شرح سود میں کمی ہوتی نظر آئے گی جو خاص طور پر آٹو سیکٹر میں بہتری کا باعث ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس سال معاشی طور پر بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً روس اور یوکرین کی جنگ نے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں دوسری جانب ملک بھر میں سیلاب کے باعث ہمارا مالیاتی توازن بگڑ گیا تھا، معیشت کی مزید بہتری کے لیے زراعت کے شعبے میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
شہریار بٹ نے کہاکہ حکومت پاکستان پُرامید ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور پروگرام آگے بڑھے گا کیونکہ پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط مکمل کر لی ہیں۔
ہنڈریڈ انڈیکس 51 ہزار 27 پوائنٹس پر بند ہوا
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد اختتام پر 42 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 51 ہزار 27 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں 11 ارب روپے مالیت کے 31 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا، 143 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ جبکہ 168 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی۔
انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 279 روپے 43 پیسے رہا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 281 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 31 پیسے کا اضافے ہوا، گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 279.12 روپے پر بند ہوا تھا۔
سعودی ریال کی قیمت خرید پاکستانی روپے کے مقابلے میں 74.30 جبکہ قیمت فروخت 75 روپے ہے، گزشتہ روز کے مقابلے میں ریال 10 پیسے مہنگا ہوا تھا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق پاکستانی روپے کے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ معیشت مثبت سمت کی طرف گامزن ہے اور مزید بہتری کی گنجائیش موجود ہے، جب تمام فیکٹرز کو ڈیل کر لیا جائے گا تو تب جا کر ہمیں ڈالر کی اصل قیمت ملے گی اور میرے خیال سے ابھی بھی بہت زیادہ گنجائیش موجود ہے۔
صرافہ ایسوی ایشن مافیا کے سامنے بے بس
صرافہ ایسوسی ایشن نے سونے کے نرخوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کردیا، ایسوسی ایشن کے مطابق انٹرنیشنل کرنٹ گولڈ ریٹ میں 20 ڈالر پریمیم شامل کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل ریٹ پلس پریمیم کے بعد ڈالر کے انٹر بینک کرنٹ ریٹ سے سونے کا بھاؤ جاری ہوگا۔
حاجی ہارون چاند کے مطابق 20 ڈالر پریمیم سے 10 تولہ سونے کی قیمت میں 20 ہزار کا فرق پڑے گا۔ اگر 20 ڈالر پریمیم نہیں لگاتے تو مافیا ریٹ چلنے نہیں دے گا۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق گولڈ کے بڑے ڈیلرز کو بھاری نقصان سے بچانے کے لیے سونے کے ریٹ کا فارمولا بدلا گیا، ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، بلین مارکیٹ کھلنے سے پہلے دعویٰ کیا گیا تھا کہ سٹہ مافیا کے خلاف کارروائی کرکے گولڈ کے ریٹ نیچے لائے جائیں گے، چند دن ریٹ کم رہنے کے بعد مستقل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔