سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال، پی ٹی اے نے علما کرام کا تعاون حاصل کر لیا

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے مذہبی رہنماؤں کا تعاون حاصل کیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال اور ثقافتی و مذہبی اقدار سے ہم آہنگ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور مولانا طارق جمیل سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوام میں انٹرنیٹ کے اخلاقی و ذمہ دارانہ استعمال میں مذہبی اسکالرز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکالرز اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے پی ٹی اے کے ساتھ تعاون کریں تو اس کے زیادہ مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

اجلاس میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے  ذمہ دارانہ استعمال اور بچوں کی تعلیم میں والدین کے اہم کردار سے متعلق آگاہی پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر شرکا نے قرآن پاک اور حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو رہنمائی اور ہدایت کے سرچشمے کے طور پر اجاگر کیا ۔

اجلاس کے شرکا نے آن لائن خطرات خصوصاً ریاست مخالف، توہین آمیز اور نفرت انگیز تقاریر کو سنگین قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی نشاندہی اور سدباب ریاست، عدلیہ، پی ٹی اے، پیمرا اور ایف آئی اے کے علاوہ انفرادی سطح پر سب کی ذمہ داری ہے۔

مذہبی اسکالرز نے انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں پی ٹی اے کے منصوبوں اور کاوشوں کی تعریف کی اور اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp