امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 19 دن ہوگئے ہیں غزہ پر بموں کی بارش ہو رہی ہے۔ 74 لاکھ افواج رکھنے والا عالم اسلام خاموش ہے، غزہ پر جارحیت بند نہ کی گئی تو تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے۔
منصورہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام علما و مشائخ فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ غزہ پر فاسفورس بموں کی بارش جاری ہے۔ غزہ میں کھانے پینے کی کوئی چیز ہے نہ کفن کے لیےکپڑا دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سقوط غرناطہ کے بعد 30 لاکھ مسلمانوں کو ہجرت کرنا پڑی تھی۔ 5 سو سال تک غرناطہ اور قرطبہ کی مساجد اذان کے لیے تڑپتی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کشمیر کی طرح غزہ بھی ہمارے لیے اہم ہے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطینیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطینی بہت بڑی مشکل اور دہشت گردی سے دوچار ہیں۔ اسرائیل اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر ظلم کر رہا ہے۔ اسرائیل کو جنگی جرائم پر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔