قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دے دیا

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے انضمام الحق کو طلب کیا تھا۔

انضمام الحق نے موقف اختیار کیا ہے کہ لوگ بغیر تحقیق کے مختلف باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا۔

انہوں نے کہاکہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، پی سی بی انکوائری کرے میں دستیاب ہوں۔

انضمام الحق نے کہا ہے کہ مجھے فون پر بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے جس پر میں نے کہا کہ انکوائری تک میں عہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔

انضمام الحق نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے جس کا چارج انہیں رواں ماہ کے شروع میں دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کمیٹی قائم کر دی

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے دوران مفادات کے ٹکراؤ کی خبروں پر 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ اور سفارشات جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو پیش کرے گی۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق نے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جب ٹیم بھارت میں موجود ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر جہاں چیئرمین پی سی بی اور کپتان سمیت دیگر مینجمنٹ پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں وہیں انضمام الحق سے بھی جواب مانگا جا رہا ہے۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ تحقیقات کے دوران انضمام الحق کے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کے فیصلے کو سراہتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں انضمام الحق ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 اگست کو سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔

انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدے سنبھالنے کے بعد ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ انضمام الحق اس سے قبل 2016 سے 2019 تک چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔

اس سے قبل انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے اس وقت استعفیٰ دیا تھا جب قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ انضمام الحق کے دور میں پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ میں 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

انضمام الحق نے اُس وقت استعفیٰ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ بحیثیت چیف سلیکٹر ذمہ داریاں نبھانا آسان نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp