پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
بھارتی شہر بینگلورو کے چنا سوامی اسٹیدیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے، بارش کے باعث میچ متاثر ہوا ہے جس کے بعد اب کھیل کو 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے 25.3 اوورز میں 200 رنز بنا لیے ہیں جبکہ 41 اوورز میں 342 رنز بنانے کا ہدف دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
بارش کے باعث میچ کو دوسری بار روکا گیا ہے، قومی ٹیم کی اب تک ایک وکٹ گری ہے، جبکہ فخر زمان اور کپتان بابراعظم ناٹ آؤٹ ہیں۔
اوپننگ بیٹر فخرزمان نے آج کے میچ میں ورلڈ کپ کی تیز ترین سینچری بناڈالی ہے۔ انہوں نے 63 گیندوں پر یہ اعزاز اپنے نام کیا جس میں 9 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فخر زمان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے کہ وہ کسی بھی پاکستانی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے، میچ بارش کے باعث رکا ہوا ہے اور اب تک فخر زمان 11 چھکے لگا چکے ہیں۔
فخر زمان 1999 کے ورلڈ کے بعد سے پہلے 20 اوورز کے اندر سینچری اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھوڈ کے تحت نیوزی لینڈ سے 21 رنز آگے ہے۔ اگر میچ کے دوران بارش نہیں رکتی تو پاکستانی ٹیم کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے، ہار کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اگر مگر کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا۔