میانوالی ایئر بیس حملے میں امریکی ساختہ اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میانوالی ایئر بیس پر دہشتگردوں کے حملے میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دہشتگردوں نے حملے میں امریکی ساختہ اسلحہ استعمال کیا۔

دہشتگردوں کے میانوالی ایئر بیس حملے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات منظر عام پر آئے ہیں، میانوالی حملے میں مارے جانے والے دہشتگردوں سے برآمد ہونے ہونے والا اسلحہ امریکی ساخت کا ہے، دہشتگردوں سے ملنے والے اسلحے میں RPG-7، AK-74، M-4 اور M-16/A4 شامل ہیں ۔

‘افغان سرزمین پر امریکا کے تیار کردہ ہتھیار کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں’

دوسری جانب ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ افغان سرزمین پر امریکا کے تیار کردہ ہتھیار کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں اور دہشت گردوں تک ان کی رسائی انتہائی آسان ہے۔ امریکی ساخت کے ہتھیار افغانستان میں وافر مقدار میں موجود ہیں جو دہشت گرد پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرزمین کا استعمال اور امریکا کے افغانستان سے اِنحلا کے بعد دہشت گرد آزادانہ غیر مُلکی ہتھیاروں کا استعمال کرتے آ رہے ہیں۔

‘ژوب کنٹونمنٹ پر حملے میں بھی امریکی ساختہ اسلحہ استعمال ہوا’

اس سے قبل ژوب کنٹونمنٹ حملے میں بھی امریکی ہتھیاروں اور سازو سامان کا استعمال ہوا تھا ، افغانستان کی عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکنا ہوگی۔

یاد رہے کہ 4 نومبر کو دہشتگردوں نے پاک فضائیہ کے میانوالی ٹریننگ ایئر بیس پر حملہ کیا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے وقت سکیورٹی اہلکاروں نے غیر معمولی جرات اور بروقت جوابی کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو بیس میں داخل ہونے سے پہلے روکا اور ہلاک کردیا، دیگر 6 دہشتگرد کلیئرنس آپریشن کے دوران مارے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp