کھانسی زکام کے موسم میں خُود کو کیسے بچایا جاسکتا ہے؟

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سردیوں کی آمد کے ساتھ ساتھ، اب کھانسی زکام ہونے کا وقت بھی آ گیا ہے۔ ہر انسان کو یہ بیماری ایک دفعہ ضرور جکڑتی ہے، اور اس وجہ سے دوسروں کو بھی لگ سکتی ہے۔ لیکن ان بیماریوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے، اور اگر آس پاس بھی کسی کو کھانسی یا زکام ہو تو اس کا کیا حل ہے؟

اگر آپ کو شک ہے کہ آپ کو کھانسی یا زکام ہے، تو ٹیسٹ کروانا بہت ضروری ہے، لیکن ساتھ ساتھ اپنی روٹین اور کھانے پینے کا بھی خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

1۔ اچھی خوراک

ہمارے کھانے پینے کا اثر ہماری سوچ اور پورے جسم پر ہوتا ہے۔ خاص طور پہ اس موسم میں جس میں کسی بھی چیز سے یا تو گلا خراب ہوسکتا ہے، یہ زکام ہوسکتا ہے۔ تو اس موسم میں محتاط رہنا بھی بہت ضروری ہوتا ہے۔ اس موسم میں کوشش کریں کہ آپ اپنے کھانے میں تازہ سبزیاں، پھل، دالیں، اور دودھ سے بنی ہوئی اشیاء شامل کریں کیونکہ یہ وہی چیزیں ہیں جن سے ہمارے مدافعتی سسٹم کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت ملتی ہے۔

2۔ ٹیسٹ کروائیں

اگر آپ کو زکام کے اثرات محسوس ہو رہے ہیں جیسے کہ ناک بہنا، کھانسی، بخار یا جسم میں درد، تو بہتر ہے کہ جلد سے جلد ٹیسٹ کروا لیں۔ ٹیسٹ کروانے کا یہ فائدہ ہے کہ اگر کوئی بیماری ہے بھی تو وہ جلد سے جلد ٹھیک ہوجائے گی، کیونکہ ٹیسٹ کے بعد مرض کی تشخیص ہونے پر ڈاکٹر آپ کو مناسب دوا تجویز کریں گے۔

3۔ کھانا پینا شیئر نہ کریں

کھانا پینا شیئر کرنا، کسی بھی بیماری کو پھیلانے کے لیے کافی ہے۔ اگر آپ کسی بھی قسم کی بیماری سے بچنا چاہتے ہیں، تو نہ کسی کی کھائی ہوئی چیزیں لیں، نہ اپنی کسی کو دیں۔ اس سے بھی کئی قسم کی انفیکشن سے بچا جا سکتا ہے، اور احتیاط بہت ضروری ہے۔

4۔ فلو کی ویکسین لگوائیں

کسی بھی بیماری کو جلد سے جلد ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین لگوائی جائے۔ ویکسین لگوانے سے اگر کھانسی زکام کا کوئی چانس ہے، تو وہ بھی ختم ہوجائے گا۔ ویکسین لگوانے سے جسم میں اینٹی باڈیز بنتی ہیں، جس سے ہر قسم کی بیماری ختم ہوجاتی ہے۔

5۔ اگر بیمار ہیں، تو گھر پہ رہ کر آرام کریں

یہ بات سب کو پتا ہے کہ اگر آپ کو کھانسی زکام ہے، تو گھر پر رہ کے آرام کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر بیماری میں بھی کام کرتے رہے، تو آپ کا زکام ٹھیک نہیں ہوگا۔ اس لیے، آفس سے چھٹی لے لینا، وہ بھی صرف ایک دن کی، بہت ضروری ہے۔ اس سے ہمارے دماغ اور جسم کو آرام مل جاتا ہے، اور ایک بریک بھی جس کے بعد کام بھی زیادہ بہتری سے ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کو آرام کے بعد بھی بیماری کے اثرات محسوس ہورہے ہیں، تو آپ ماسک ضرور لگا کے رکھیں جو آپ کے لیے بھی فائدہ مند ہے، اور دوسروں کے لیے بھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp