ملک میں مارشل لاء لگا کر ڈنڈے کے زور پر پاکستان کے چھٹے صدر بننے والے جنرل ضیاء الحق نے 24 نومبر1980ء کو محسنِ انسانیت عبدالستار ایدھی کو 5 لاکھ روپے بطور عطیہ دینے کی کوشش کی۔ 50 کی دہائی میں سماجی خدمت شروع کرنے والے ایدھی نے سیاسی میدان کی ہوا بھی کھا رکھی تھی اور 1962ء میں بنیادی جمہوریت کے انتخابات کے علاوہ 1970ء کے انتخابات میں بھی الیکشن میں کھڑے ہوئے تھے۔
ان کی سوانح حیات میں درج ہے کہ ایدھی کو سیاست میں قسمت آزمائی کے فیصلہ پر پشیمانی تھی اور وہ اسے اپنی غلطی گردانتے تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ سیاست اور حکومت کے ذریعہ سماجی خدمت کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لیے سماجی کرداروں کے تعاون اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہی وجہ تھی کہ جب جنرل ضیاء نے ایدھی کو 5 لاکھ روپے کا چیک دینے کی کوشش کی تو آپ نے یہ کہہ کر یہ رقم لینے سے انکار کر دیا کہ وہ لوگوں کی خیرات اور عطیات کے ذریعے اپنے کاز کو آگے بڑھانے چاہتے ہیں اور سرکاری عطیات قبول نہیں کر سکتے۔
24 نومبر 1995ء کو آئرلینڈ میں طلاق کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ریفرینڈم ہوا۔ اس قانون کے خلاف اور اس کے حق میں ڈالے جانے والے ووٹوں میں ایک فیصد سے بھی کم فرق تھا: حق میں 50.28 فیصد جبکہ مخالفت میں 49.72 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے۔
آج کے دن 1859 ء میں چارلس ڈارون نے اپنی کتاب Origin of the Species شائع کی۔
24 نومبر 1963ء کو امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے ملزم کو ڈیلاس پولیس اسٹیشن میں جیک روبی نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
آج کے روز 1952ء میں پاکستانی شاعرہ اور استاد پروین شاکر پیدا ہوئیں۔
24 نومبر 1977ء کو اقوام متحدہ میں پاکستان اور اسرائیل کے نمائندوں میں جھگڑا ہوا۔
آج کے دن 2008ء میں دی نیوز نے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی بیٹی کو ایف ایس سی کے امتحانات میں غیر قانونی طور پر اضافی نمبر دینے کی خبر شائع کی۔
24 نومبر 2015ء کو فلائنگ آفیسر مریم مختار میانوالی کے قریب پی اے ایف کے جیٹ حادثے میں شہید ہوئیں۔














