افغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی اور سینئر سفارت کار محمد صادق مستعفی ہوگئے ہیں۔
سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں محمد صادق نے کہا کہ’ قریباً تین برس تک ، افغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی کے طور پر کام کرنے کے بعد ،میں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اب اپنی ذاتی مصروفیات کی طرف بڑھنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ خاندان ، کتابیں ، زراعت اور ماحولیات ۔‘
اپنی ٹویٹس کی ایک سیریز میں ، محمد صادق نے وزیر اعظم اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی طرف سے بطور نمائندہ خصوصی ،ان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ انھوں نے اپنے ان ساتھیوں کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنھوں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر کرنے کے لئے بھرپور کام کیا۔
1. After serving close to three years as Pakistan's Special Representative for Afghanistan, I have requested the Government that the time had come for me to move on & focus on my personal pursuits – family, books and agriculture/environment.
— Mohammad Sadiq (@AmbassadorSadiq) March 1, 2023
میڈیا نمائندے کی طرف سے رابطہ پر محمد صادق نے بتایا کہ انھوں نے باقاعدہ طور پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجا ، جو قبول کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد صادق کو جون سن دو ہزار بیس میں افغانستان میں پاکستان کا نمائندہ خصوصی بنا کر بھیجا گیا تھا۔ وہ سن دو ہزار سولہ میں بطور سیکرٹری سیکورٹی ڈویژن ریٹائر ہوئے تھے۔ اس سے پہلے دسمبر دو ہزار آٹھ سے اپریل دو ہزار چودہ تک کابل میں پاکستان کے سفیر بھی متعین رہے۔
وہ دفتر خارجہ میں ڈیڑھ برس تک ترجمان رہے جبکہ اس سے پہلے برسلز، بیجنگ اور واشنگٹن میں سفارتی خدمات سرانجام دیتے رہے۔