بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ جتنا پیار اور خوشی وہ اپنی بیٹی کے لئے محسوس کرتے ہیں ، اتنا کسی بھی فلم یا کسی بھی کام کے لئے محسوس نہیں کرتے ۔
بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور ان دنوں اپنی فلم ’’ تو جھوٹی میں مکار ‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو حالیہ انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے گزشتہ سال نومبر میں پیدا ہونے والی اپنی بیٹی ’ راہا کپور ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی ہر فلم اور کام سے بڑھ کر اپنی بیٹی سے محبت ہے اور جتنا پیار اور خوشی وہ اپنی بیٹی کے لئے محسوس کرتے ہیں ، اتنا کسی بھی کام یا فلم کے لئے محسوس نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے شادی کی تھی ۔ ان کی شادی کی تقریب میں ان کے قریبی دوستوں اور ان کے خاندان کے افراد نے شرکت کی تھی ۔
عالیہ بھٹ نے چھ نومبر2022 کو اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے اپنی بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔
حالیہ انٹرویو میں رنبیر کپور نے اپنی بیٹی ’ راہا ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے والد ہونے کی حیثیت سے بیٹی کے لئے خوف اورپریشانی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے زیادہ میرے لئے کچھ بھی نہیں ، یہی میرے لئے سب کچھ ہے۔ اب مجھے اس بارے میں بات کرتے ہوئے بھی ڈر سا محسوس ہوتا ہے کہ کہیں یہ سب کچھ چلا نہ جائے۔ میرے ذہن کے نہاں خانوں میں ایک بات موجود ہے جو مرتے دم تک میرے ساتھ رہے گی۔
رنبیر کپورنے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ بظاہر ہم اداکاروں کی زندگیاں بہت چمک دمک والی لگتی ہیں لیکن اندرونی طور پر ہم سب درد سے بھرے ہوتے ہیں۔ ہر اداکار اپنی زندگی سے ناخوش ہے ۔ واضح رہے کہ رنبیر کپور اور شردھا کپور کی فلم تو ’’جھوٹی میں مکار ‘‘ آٹھ مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔