جب انگلینڈ کے کپتان پاکستانی امپائر شکور رانا سے لڑ پڑے

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

1987 کے ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز انگلینڈ نے جیتے مگر جب ٹیسٹ سیریز شروع ہوئی تو لاہور میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ پاکستان نے ایک اننگز اور 87 رنز سے جیت لیا۔ انگلش کھلاڑیوں نے اس میچ کی امپائرنگ پر سخت اعتراضات کیے۔

7 دسمبر کو دوسرا ٹیسٹ شروع اور انگلینڈ کی ٹیم 292 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ دوسرے روز کے کھیل میں  آخری اوور کی تین گیندیں باقی تھیں جب امپائر شکور رانا نے نوٹ کیا کہ انگلینڈ کے کپتان مائیک گیٹنگ اپنے فیلڈر کی پوزیشن اس وقت تبدیل کرتے ہیں جب سلیم ملک گیند کھیلنے کے لیے بولر کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ امپائر نے بولر کو روک کر انگلینڈ کے کپتان کو وارننگ دی کہ یہ  خلاف قانون ہے۔

انگلش کپتان نے امپائر کو گالیاں دیں اور دھوکے باز کہا۔ جواب میں امپائر نے بھی یہی الزامات لگائے اور کھیل ختم ہوگیا۔ امپائر شکور رانا نے اعلان کیا کہ انگلینڈ کے کپتان جب تک معافی نہیں مانگیں گے کھیل دوبارہ شروع نہیں ہوگا۔ اگلے دو روز اسی تنازعے کی نظر ہو گئے اور آخرکار انگلش کرکٹ بورڈ کے حکم پر مائیک گیٹنگ کو معافی مانگنا پڑی۔ یوں چوتھے روز میچ دوبارہ میچ شروع ہوا جو بے نتیجہ رہا۔


آج کے روز سال1993ء میں امریکی صدر بل کلنٹن نے نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ (NAFTA) پر دستخط کیے ۔اس  معاہدے کا مقصد امریکہ، کینیڈا، اور میکسیکو کے مابین آزاد تجارت کو فروغ دینا تھا۔


آج جاپان میں بودھی ڈے منایا جاتا ہے۔ بودھی کا مطلب جاگنا یا شعور پانا ہے۔ جاپانیوں کا ماننا ہے کہ اس دن بدھ مت کے بانی سدھارتھ گوتم بدھ کو بودھی پیڑ تلے مراقبہ کی حالت میں  گیان حاصل ہواتھا۔


آج اردو کے معروف شاعر ناصر کاظمی کا یومِ پیدائش ہے۔ آپ 8 دسمبر 1925ء کو انبالہ میں پیدا ہوئے۔


8 دسمبر 1994ء  کو عبدالستار ایدھی بااثر افراد  کے دباؤ سے بچنے کے لیے لندن چلے گئے۔ایدھی کی مقبولیت کے باعث 90 کی دہائی میں متعدد بار انہیں مختلف پریشر گروپس کا حصہ بننے پر مجبور کیاگیا۔ عمران خان اور جنرل حمید گل کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے ان پر سیاسی پریشر گروپس میں شامل ہونے پر زور دیا۔ ایدھی کی جانب سے انکار پر انہیں ہفت روزہ ‘تکبیر’ کے ایڈیٹر کے قتل میں ملوث کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ انہیں بلیک میل کی جا سکے۔ اس بات نے ایدھی کو اس قدر پریشان کیا کہ وہ پاکستان چھوڑ کر لندن چلے گئے اور میڈیا کو ایک دستاویز کے بارے بتایا کہ اگر وہ قتل کر دیے جائیں تو اس دستاویز کو عوام تک پہنا دیا جائے تاکہ ان کے خلاف کی جانے والی سازش کو بے نقاب کیا جا سکے۔


آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp