پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزارکی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے، تسلسل جاری رکھیں گے، نگراں وزیراعظم

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کے لیے کاروباری طبقے کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

جمعرات کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تحت 25 بہترین کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 60 ہزار کی حد عبور کرنے کو تاریخی کامیابی  قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مزید اصلاحات کا پیش خیمہ ہے اور ہمیں اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید ہے کہ مستقبل میں ان کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کمپنیوں نے ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اسے ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ای سی او سمیت دیگر اہم فورم کا اہم شراکت دار ہے اوراس کے لیے افریقی ممالک، خطے اور اس سے باہر تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات اور مصنوعات تیار کریں اور کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام اہم سنگ میل ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے بڑی کمپنیوں پر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر بھی زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

شمشاد اختر نے کہا کہ کاروبار سے منسلک تمام اداروں کے تعاون سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کامیابی حاصل کی اور سنہ 2023  میں اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں اور ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاروبار میں بہتری کے لیے درآمدات پر سے پابندی اٹھائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اسلامک فنانس کی شمولیت کے مثبت نتائج سامنے آئے اور اس کا شمار دنیا کے بہترین اسٹاک ایکسچینجز میں ہو رہا ہے اور اس سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اسٹاک ایکسچینج کے تحت 25 بہترین کمپنیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

سمندری خود مختاری کا تنازعہ : تائیوان کی جانب سے چینی بحری بیڑے کی پیشقدمی روکنے کے لیے جنگی جہاز روانہ

اب کام بھی ہوگا اور بچوں کی دیکھ بھال بھی : مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے سرکاری اداروں میں جدید ڈے کیئر سنٹرز قائم

امریکی ملازمت کے ویزوں میں بھارتی فراڈ کے ریکارڈ قائم: زیادہ تر درخواستیں اور ڈگریاں جعلی نکلیں

آزاد کشمیر: مطالبات کی ریکارڈ منظوری کے باوجود احتجاج، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایجنڈا سامنے آگیا

فیض اور ایلس کا کتابوں سے اٹوٹ رشتہ

ویڈیو

گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کا سلسلہ جاری، 24 نشستوں پر 400 سے زائد امیدوار میدان میں

پھلوں کے بادشاہ کی آمد، خوشبو سے بازار مہک اٹھے

جسمانی معذوری رکاوٹ نہ بن سکی، فنکار نے خوابوں کو رنگوں میں ڈھال دیا

کالم / تجزیہ

فیض اور ایلس کا کتابوں سے اٹوٹ رشتہ

ریاست کے ساتھ کھڑے ہونا جرم نہیں

ٹرمپ نیتن یاہو تلخی اور مشرق وسطیٰ کا بدلتا نقشہ