پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی سینیئر رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی اور سی سی پی او پشاور کو طلب کر لیا۔
چیف جسٹس نے کہاکہ کیا اگر میں نہ آتا تو ایک عورت کو رات ہائیکورٹ میں گزارنا پڑتی۔ انہوں نے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زرتاج گل کی گرفتاری سے روک دیا۔
زرتاج گل آج ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچیں اور جب پولیس کو خبر ہوئی تو عدالت العالیہ کے باہر بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
زرتاج گل 9 مئی واقعات کی معافی مانگتے ہوئے رو پڑیں
قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیئر رہنما زرتاج گل 9 مئی واقعات کی مانگتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہاکہ میں ایک شہید کی بہن ہوں ہم کیسے شہدا کی بے حرمتی کر سکتے ہیں۔ پاک فوج ہماری محافظ ہے۔
انہوں نے کہاکہ میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں اس لیے ہائیکورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے آئی ہوں، جب تک ضمانت نہیں ملتی یہاں سے نہیں جاؤں گی۔
میں نے بھائی کی لاش اٹھائی ہے ہم کیسے شہدا کی بے حرمتی کرسکتے ہیں؟ زرتاج گل کی پشاور ہائیکورٹ کے اندر گفتگو۔۔ pic.twitter.com/fLIIpclV5P
— PTI (@PTIofficial) January 3, 2024
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا اور اس دوران فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں لائی تھیں۔
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ کچھ اہم رہنما 9 مئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف سے علیحدہ بھی ہو گئے تھے تھے جن میں پرویز خٹک، فواد چوہدری، عامر محمود کیانی اور دیگر شامل ہیں۔
اس وقت تحریک انصاف کے اہم رہنما روپوش ہیں اور زرتاج گل آج ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ آئیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد 51 ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے جن میں زرتاج گل بھی شامل ہیں۔
زرتاج گل اور ان کے شوہر وکیلوں کے روپ میں ہائیکورٹ پہنچے، غریدہ فاروقی
دوسری جانب سینیئر اینکرپرسن غریدہ فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ زرتاج گل اور ان کے شوہر وکیلوں کے روپ میں چھپ کر پشاور ہائیکورٹ پہنچے ہیں۔
یہ محترمہ جو ادھر ٹسوے بہا رہی ہیں پشاور ہائیکورٹ کے اندر چھپ کر بیٹھی ہوئیں؛ یہ ڈیرہ غازی خان کی رہائشی ہیں، اشتہاری مجرم قرار ہیں، قانون کو مطلوب ہیں، ان پر متعدد ایف آئی آرز ہیں (بشمول 2017/18 کے میرے اس کیس کے جہاں ان کیخلاف میں نے FIA میں شکایت درج کروائی تھی کہ کس طرح ان… pic.twitter.com/CurV7xJfXQ
— Gharidah Farooqi (T.I.) (@GFarooqi) January 3, 2024
غریدہ فاروقی نے کہاکہ زرتاج گل اشتہاری مجرم ہیں، پشاور ہائیکورٹ کو چاہیے کہ وہ انصاف کا ساتھ دے تحریک انصاف کا نہیں۔