کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرا نے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ برس اسکول میں پڑھائی کے دوران کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرا نے والدین کے ساتھ رہتے ہوئے اپنے اسکول پراجیکٹ میں تمغہ جیت لیا ہے۔ دعا زہرا کے والد مہدی علی کاظمی کا کہنا ہے کہ الحمد اللہ، دعا زہرا نے پورے اسکول کے ایک اسائنمنٹ مقابلے میں تمغہ حسن کارکردگی جیتا ہے۔

دعا زہرا کے والد نے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ہمیں تمام دنیا سے ملنے والی محبت، نیک تمناﺅں اور دعاﺅں کے بغیر ممکن نہ تھا، اور یہ سب ایڈووکیٹ جبران ناصر اور ان کی قانونی ٹیم کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے۔ دعا زہرا کے اسکول کے پرنسپل اور ٹیچرز کا شکریہ، جو دعا زہرا کو بہترین زندگی کی طرف واپس لانے کی کوششوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

’دعا زہرا کے لیے اور میرے لیے دعا کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ہمیں اپنی دعاﺅں میں یاد رکھا ہے‘۔

ایڈووکیٹ جبران ناصر نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ دعا زہرا کی کامیابی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور اللہ کا شکر ادا کیا۔ کیسے اس کو اغوا کیا گیا، بچپن کی شادی پر مجبور کیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن اس کی روح غیر متزلزل ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اللہ، دعا زہرا کو دنیا کی تمام کامیابیاں نصیب فرمائے۔ ہمارے بچوں خصوصاً ہماری بیٹیوں کے حقوق سب سے زیادہ ہیں۔ نہ صرف ان کی حفاظت بلکہ مناسب تعلیم اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا تاکہ وہ بڑے ہو کر اپنی مکمل صلاحیتوں کا ادراک کر سکیں۔

واضح رہے گزشتہ برس اپریل میں کراچی سے دعا زہرا کے لاپتہ ہونے کی خبر سامنے آئی تھی۔ والدین نے گمشدگی کی اطلاع دی تھی اور شکایت میں کہا گیا تھا کہ دعا کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن، شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی میں واقع اپنی رہائش گاہ سے لاپتہ ہوئیں۔

ابتدائی معلوماتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 14 سالہ لڑکی کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ گھر سے کچرا پھینکنے کے لیے نکلی تھی۔ جس کے بعد دعا کی تلاش شروع ہوئی تو وہ مئی میں پنجاب کے شہر بہاولنگر میں شادی شدہ حیثیت سے سامنے آئی، دعا شادی کے وقت 18 سال کی بھی نہیں تھیں۔

دعا کا کیس سندھ ہائی کورٹ میں چلا اور عدالت نے 28 جولائی 2022 کو دعا زہرا کو مقدمے کی مدت تک حکومت کے زیر انتظام چلڈرن پروٹیکشن اور شیلٹر ہوم میں رہنے کا حکم دیا جس کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp