الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں اور تمام سیاسی جماعتوں کو خبردار کیا ہے کہ الیکشن کے روز پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کی حدود میں کسی قسم کی مہم، ووٹرز کو ووٹ کے لیے قائل کرنے اور ووٹر سے ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کی اپیل کرنے سمیت کسی بھی امیدوار کے لیے مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 100 میٹر کے اندر کسی خاص امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا اس کو ووٹ نہ ڈالنے کے لیے حوصلہ شکنی پر مشتمل نوٹس، علامات، بینرز یا جھنڈے لگانے پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں، امیدوار اور ان کے الیکشن ایجنٹ یا ان کے حمایتی پولنگ والے دن دیہی علاقوں میں پولنگ اسٹیشن سے 400 میٹر کے فاصلے پر اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر اپنے کیمپ لگا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز، ریٹرننگ آفیسرز اور پولیس انتظامیہ ان تمام ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے اور اس کی خلاف ورزی غیر قانونی فعل تصور کی جائے گی جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو پولنگ کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
آج رات 12 بجے کے بعد الیکشن مہم پر پابندی
دوسری جانب الیکشن کمیشن آ ف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے تمام امیدواران اور سیاسی جماعتوں کو مطلع کیا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 182 کے مطابق آج 6 فروری کی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا اور نا ہی اس میں شرکت کرے گا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے کہا ہے کہ مذکورہ بالا وقت کے بعد الیکشن مہم، اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہر پر پابندی ہے جس سے کسی خاص سیاسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہو۔
اس کے علاوہ انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے (Poll Survey)پر بھی پابندی ہوگی۔ میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد پولنگ رزلٹ کی نشریات شروع کر سکتا ہے جس میں یہ واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ رزلٹ غیر حتمی و غیر سرکاری ہیں۔