پاک روس کی مختلف ٹیکنالوجیز سمیت مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال پر مشاورت

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور روس نے بین الاقوامی سلامتی، علاقائی استحکام اور ہتھیاروں کے کنٹرول، اس میں تخفیف اور عدم پھیلاؤ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ تزویراتی استحکام پر پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کا 14 واں دور 7 فروری کو ہوا جس کی مشترکہ صدارت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ) محمد کامران اختر اور روسی نائب وزیر خارجہ ایس اے ریابکوف نے کی۔

ترجمان نے کہا کہ فریقین نے بین الاقوامی سلامتی، علاقائی استحکام اور ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اور عدم پھیلاؤ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیاتیاتی، خلائی اور معلوماتی تحفظ کے ساتھ ساتھ نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز بشمول مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

’پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو روکنے کے لیے بھارت کی مہم زوروں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 فروری کو بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کشمیر کی 15 جائیدادوں پر متعدد چھاپے مارے جو کشمیری سیاسی تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ تھے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ان 6 سیاسی تنظیموں میں سے ایک ہے جن پر بھارت نے پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری سیاسی کارکنوں اور جماعتوں کو ڈرانے دھمکانے اور ظلم و ستم کا سلسلہ بند کریں۔

ترجمان نے پاکستان کے اس مطالبہ کو دہرایا کہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے حقوق اور آزادی کے قابل بنایا جائے۔

رفح پر حملوں سے متعلق او آئی سی کے بیان کی توثیق

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت اور رفح شہر پر اندھا دھند حملوں میں شدت کی سخت الفاظ میں مذمت کرنے سے متعلق بیان کی توثیق کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیلی جارحیت کی رفتار میں توسیع اور اضافے پر خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے فلسطینی عوام کو ان کی اپنی سرزمین سے زبردستی بے گھر کرنے کی ناقابل قبول کوشش کے خلاف خبردار کیا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ رفح میں 14 لاکھ بے گھر افراد کے خلاف اسرائیل کا بے رحمانہ حملہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے عبوری حکم میں بیان کردہ عارضی اقدامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور جنگ بندی نافذ کرنے اور فلسطینی عوام کے قتل عام کو بند کرانے کے لیے فوری مداخلت کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کچھ ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی فنڈنگ کو معطل کرنے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید اموات اور قحط سے متاثر ہونے اور مناسب طبی امداد کی عدم دستیابی کو روکنے کے لیے غزہ کا محاصرہ ختم کیا جانا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان غزہ کے محصور عوام کی اپنی غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی، سیاسی اور انسانی حمایت میں پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل تیز، 32 ہزار 588 افغان ڈی پورٹ

2025: 7,667 افراد ہجرت کے خطرناک راستوں پر چلتے ہوئے موت کے گھاٹ اتر گئے، اقوام متحدہ

مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس

طالبان لیڈر کا نیا فرمان: سزائے موت کا دائرہ وسیع، خواتین پر مزید پابندیاں عائد کردی گئیں

لاہور کے رمضان بازار، کیا اشیائے خورونوش واقعی ہول سیل ریٹ پر فروخت ہو رہی ہیں؟

ویڈیو

لاہور کے رمضان بازار، کیا اشیائے خورونوش واقعی ہول سیل ریٹ پر فروخت ہو رہی ہیں؟

آپریشن غضب للحق: افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک، فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں بڑے اہداف تباہ

بہن بھائیوں میں حسد کیوں پیدا ہوتا ہے، حضرت یوسفؑ کی کہانی ہمیں کیا سبق سکھاتی ہے؟

کالم / تجزیہ

مشرق وسطیٰ اور بائبل کا ٹچ

یہ اگر مگر کا سلسلہ کب ختم ہوگا؟

روس بھی باقی دنیا کی طرح افغانستان کی صورتحال سے پریشان