نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو آخری گیند پر شکست دے دی
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں کین ولیمسن کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے ڈرامائی انداز میں آخری گیند پر سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
A thriller in Christchurch. #NZvSL pic.twitter.com/7hv2j4bEjJ
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) March 13, 2023
نیوزی لینڈ کی سنسنی خیز جیت نے سری لنکا کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم کردیئے ۔ اب ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھارت کے پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن صرف 53 اوورز کھیلے گئے۔ نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے اوسطاً 4.85 رنز فی اوور درکار تھے۔ 90 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم اس کے بعد ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سری لنکا کے نروشن ڈکویلا نے 33 کے اسکور پر ولیمسن کا کیچ ڈراپ کیا جس کا خمیازہ سری لنکا کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ ولیمسن اور ڈیرل مچل نے چوتھی وکٹ کے لیے 26 اوورز میں 142 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ڈیرل مچل نے 81 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ولیمسن نے 121رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
Test cricket, you beauty! ❤️#WTC23 | #NZvSL pic.twitter.com/7l7Yjmzraz
— ICC (@ICC) March 13, 2023
میچ کے پہلے دو دن سری لنکا کا پلڑا بھاری رہا تاہم ڈیرل مچل کی سینچری اور میٹ ہینری کے 72 رنز کی بدولت کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کا پلڑا بھاری رہا۔ سری لنکا نے چوتھے دن انجیلو میتھیوز کے 115 رنز کی بدولت میچ میں کم بیک کیا۔ تاہم بعدازاں آخری روز میچ کا پانسہ ایک بار پھر پلٹ گیا۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 302 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔