پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 ہوم سیریز کے لیے آن لائن اور فزیکل ٹکٹس کی فروخت کے باقاعدہ آغاز کی تصدیق کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے حیدرآباد کے تاریخی نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا، بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کا فیصلہ
پی سی بی کے مطابق شائقینِ کرکٹ سیریز کے ٹکٹس نامزد نجی کوریئر سروس کی ویب سائٹ سے آن لائن اور ان کے آؤٹ لیٹس سے خرید سکتے ہیں جسے اس ٹورنامنٹ کا آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
میچز کا شیڈول اور میزبانی
قومی ٹیم کے ہوم سیزن کا آغاز اس 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز سے ہوگا جس کے تمام میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ٹکٹس کی قیمتیں
شائقین کی بڑی تعداد کو اسٹیڈیم لانے کے لیے پی سی بی نے ٹکٹس کی قیمتیں انتہائی مناسب رکھی ہیں۔
مزید پڑھیے: پی سی بی نے ایشلے نوفکے کی جگہ پاکستان ٹیم کے نئے بولنگ کوچ کا اعلان کر دیا
پہلے 2 ٹی 20 میچز: جنرل انکلوژر: 300 روپے، فرسٹ کلاس: 500 روپے، پریمیئم: 700 روپے اور وی آئی پی: 1,000 روپے۔
تیسرا ٹی 20 میچ (خصوصی رعایت)
جنرل انکلوژر: 200 روپے، فرسٹ کلاس: 400 روپے، پریمیئم: 600 روپے اور وی آئی پی: 800 روپے۔
مستقبل کی سیریز اور تاریخی پس منظر کچھ یوں ہے۔
سہ فریقی ون ڈے سیریز
ٹی 20 سیریز کے فوراً بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچوں پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کا انعقاد ہوگا جس کے پہلے 3 میچز راولپنڈی جبکہ بقیہ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکن ٹیم کا دورہ
سری لنکن ٹیم 2019ء کے بعد پہلی بار مختصر فارمیٹ کی دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ سنہ 2019 میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی گئی سیریز میں سری لنکا نے پاکستان کو 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔
گزشتہ میچز: کس کا پلہ بھاری؟
ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 18 میچز میں پاکستان جبکہ 13 میچز میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے۔














