سوزوکی کمپنی نے گاڑیوں کی قیمتیں 2 لاکھ روپے تک بڑھا دیں

ہفتہ 2 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے یکم مارچ 2024 سے اپنی کاروں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔

مجاز ڈیلرز کو جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق پاک سوزوکی نے سوزوکی آلٹو وی ایکس، وی ایکس آر، وی ایکس آر (اے جی ایس)، اور وی ایکس ایل (اے جی ایس) کی قیمت بالترتیب بڑھا کر 23 لاکھ 31 ہزار، 27 لاکھ 7 ہزار، 28 لاکھ 94 ہزار، 30 لاکھ 45 ہزار کردی، یہ کاریں پہلے 22 لاکھ 51 ہزار، 26 لاکھ 12 ہزار، 27 لاکھ 99 ہزار، 29 لاکھ 35 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔

ایک لاکھ 10 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے اضافے کے بعد سوزوکی کلٹس وی ایکس آر، وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت بالترتیب 38 لاکھ 58 ہزار، 42 لاکھ 44 ہزار، 45 لاکھ 46 ہزار روپے کر دی گئی ہے، یہ پہلے 37 لاکھ 18 ہزار، 40 لاکھ 84 ہزار اور 43 لاکھ 66 ہزار روپے میں فروخت کی جاتی تھیں۔

سوزوکی سوئفٹ جی ایل، ایم ٹی، جی ایل سی وی ٹی، اور جی ایل ایکس سی وی ٹی اب بالترتیب 44 لاکھ 21 ہزار، 47 لاکھ 19 ہزار اور 51 لاکھ 25 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی، ان کی قیمتیں پہلے 43 لاکھ 66 ہزار، 46 لاکھ 54 ہزار اور 50 لاکھ 40 ہزار روپے تھیں، ان ماڈلز کے نرخوں میں 65 ہزار سے 85 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ادھر پاک سوزوکی کے ہیڈ آف کارپوریٹ امور شفیق احمد شیخ نے اضافے کا جواز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کمپنی نے ایک سال سے زائد عرصے سے قیمتیں نہیں بڑھائیں، حالانکہ متعدد وجوہات کی وجہ سے پیداوار میں تعطل کے نتیجے میں بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ مہنگائی، معین اخراجات، خام مال اور آلات کی لاگت اور ترسیل کے اخراجات کے سبب پاک سوزوکی کے لیے انتہائی مشکل ہے کہ وہ گاڑیوں کی موجودہ قیمت میں فروخت برقرار رکھ سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp