کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) خالد مقبول صدیقی نے لندن کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف کیس جیتنے کے حوالے سے کہا ہے آج واضح ہوگیا کہ ہماری تنظیم ہی اصل ایم کیو ایم ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں موقع دیا کہ شہیدوں کی پراپرٹی ہمیں ملے۔
انھوں نے کہا کہ واپس ملنے والی جائیداد شہیدوں کو واپس کریں گے اور یہ لوگوں کی فلاح اور شہید، لاپتا اور اسیر کارکنوں کو قانونی امداد کی فراہمی کے لیے استعمال ہوگی۔
#WeStandWithMQMP
ایم کیو ایم پاکستان کی اہم پریس کانفرنس pic.twitter.com/RlQ1FbIkyV— AD (@Ad8876) March 13, 2023
لندن ہائی کورٹ نے فیصلہ سنادیا
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور موجودہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے الطاف حسین اور دیگر ٹرسٹیز کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس کافیصلہ سنا دیا گیا ہے اور اس پراپرٹی کو ایم کیو ایم پاکستان کی ملکیت قرار دیا گیا ہے۔
فیصلے کے نتیجے میں الطاف حسین لندن کے ہاتھ سے تقریباً ایک کروڑ پاؤنڈ کی پراپرٹیز اب ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ ان جائیدادوں میں ان کی لندن کی رہائشگاہ اور سابقہ انٹرنیشنل سیکرٹریٹ بھی شامل ہیں۔
عمران فاروق کی بیوہ کو ان کاحق دیاجائے گا،خالدمقبول
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عمران فاروق کی بیوہ کسمپرسی میں زندگی گزار رہی ہیں انھیں بھی ان کا حق دے دیا جائے گا۔
کیوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے پاس ایک اسپتال اور ایک یونیورسٹی بھی ہے اور تعلیم و صحت اور خواتین کو ہنر سکھانے کے لیے بھی فنڈ استعمال کیا جائیے گا۔
ایم کیو ایم کے وکیل نذر محمد نے لندن سے ویڈیو لنک پرپریس کانفرنس میں شرکت کی۔ ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم اگست 2016 سے ایم کیو ایم کا حصہ نہیں تھے۔