اٹلی کشتی حادثے میں جاں بحق شاہدہ رضا کو سپرد خاک کر دیا گیا

جمعہ 17 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہاکی اور فٹبال کی کھلاڑی شاہدہ رضا کی نماز جنازہ بہشت زینب قبرستان کوئٹہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں صوبائی وزیرعبدالخالق ہزارہ سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شاہدہ رضا کی تدفین بھی بہشت زنیب قبرستان میں کی گئی ہے۔

نمائندہ وی نیوز کے مطابق اٹلی کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں جاں بحق ہونے والی ہاکی کی کھلاڑی شاہدہ رضا کا جسد خاکی رات گئے کوئٹہ پہنچا۔ جسد خاکی براستہ ترکیہ کے دارالحکومت استنبول سے کراچی پھر کوئٹہ پہنچایا گیا۔

کوئٹہ ایئرپورٹ پر اوور سیز پاکستانیز کے عملے نے میت کو لواحقین کے حوالے کیا تھا ۔تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہدہ رضا کی بہن سعدیہ رضا نے کہا شاہدہ کے بیٹے کو والدہ کے آخری دیدار کے لیے کہا گیا لیکن اس کے والد نے اجازت نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا منت سماجت کے باوجود تھوڑی دیر کے لیے بھی بیٹے کو ماں کا دیدار نہیں کرایا گیا۔ سعدیہ رضا نے کہا شاہدہ کے شوہر نے میری بہن کے ساتھ بہت ظلم کیا۔ آج شاہدہ جس مقام پر ہے وہ صرف اپنے شوہر صادق علی کی وجہ سے ہے۔

تصویر بشکریہ: بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ شاہدہ رضا کا سانحہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ چند روز قبل بھی کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے قربان علی کی جگہ اوورسیز کھلاڑی کو کھلایا گیا۔ اووسیز کو لاکر کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو نکالا جائے گا تو مایوسی پھیلے گی۔

سعدیہ رضا نے کہا کہ بلوچستان میں کھلاڑیوں کی مالی مدد نہیں کی جاتی۔ مالی معاونت نہ ہونے سے کھلاڑی مایوس ہو جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ 26 فروری 2023 کو اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے سے غیر قانونی طور پر یورپ نقل مکانی کرنے والے کئی مرد و خواتین  اور بچے ڈوب گئے تھے۔

شاہدہ رضا کون تھی؟

اٹلی میں کشتی کے حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والی شاہدہ رضا کا تعلق کوئٹہ کے علاقے مری آباد سے تھا. وہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کا ایک 3سالہ بیٹا ہے . وہ معذور ہے اور وہ حادثے کے وقت ان کے ساتھ نہیں تھا۔

شاہدہ رضا نے 2003 سے سپورٹس میں حصہ لینا شروع کیا اور سپورٹس سے جنون کی حد تک محبت کے باعث انہوں نے اسے اپنا اوڑھنا بچھونا ہی بنا لیا تھا ۔ شاہدہ پاک آرمی کی جانب سے فٹ بال کھیلتی تھیں۔ ان کا شمار بلوچستان کے سینیئر کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔

بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے مطابق شاہدہ رضا نے سکول کے زمانے سے ہاکی کھیلنا شروع کی۔ جب وہ کالج میں تھیں تو انہوں نے بلوچستان ہاکی ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے ہاکی اور فٹ بال کے میدانوں میں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بلوچستان کی نمائندگی کی۔

تصویر بشکریہ: بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن

شاہدہ کو حقیقی معنوں میں سیلف میڈ انسان کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایران، بھارت، بھوٹان، بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں بلوچستان اور ملک کی نمائندگی کی۔

ان کے اہل خانہ کے مطابق جسمانی طور پر معذور بیٹا شاہدہ رضا کی سب بڑی مجبوری تھی۔ ان کا ارمان تھا کہ ان کا بیٹا اپنے پیروں پر کھڑا ہو جائے اور دوسرے بچوں کی طرح کھیلے کودے۔ بیٹے کے علاج اور اچھے مستقبل کی تلاش انہیں یورپ کے بجائے دنیا سے کہیں دور لے گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp