پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئر رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور دوسری پارٹیوں کی سیاست ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست کا مقصد ہی اپنے مخالفین کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ تاثر عوام میں سرایت کرچکا ہے، ہم آج بھی اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہیں لیکن عوام کو الیکشن میں اس بات کی سمجھ نہیں آسکی۔
مزید پڑھیں
رانا ثنااللہ نے کہاکہ ہم نے 16 ماہ کی اتحادی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا مگر اس کی وجہ سے جو مہنگائی کا طوفان آیا وہ ہمارے کھاتے میں پڑگیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم سوچ رہے تھے کہ الیکشن جیت جائیں گے اور نواز شریف وزیراعظم بنیں گے لیکن عوام نے ہمیں اکثریت نہیں دی۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ شہباز شریف کا اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا زیادہ تجربہ ہے اسی لیے انہیں قائد ایوان منتخب کرایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ وفاق میں حکومت لینے کے معاملے پر پارٹی میں اختلاف رائے تھا مگر جب فیصلہ ہوگیا تو پھر سب نے اتفاق کیا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ پارٹی میں ہرکسی کو رائے رکھنے کا حق ہے مگر حتمی فیصلہ پارٹی لیڈر کا ہوتا ہے کیونکہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں پارٹیاں ختم ہو جاتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت میں دیگر سیاسی پارٹیوں کی رائے کا بھی احترام کرنا پڑتا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ الیکشن پر الزامات کی بنیاد پر حکومت ختم نہیں ہونی چاہیے، پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے اور یہی جمہوریت کے لیے بہتر ہے۔