پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی نے فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ دھرنا کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں شہباز شریف اور اس کی کابینہ کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کے احکامات بھی صادر کرے۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی نے کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ذمہ داریوں سے انحراف اور مِس کنڈکٹ کی مرتکب پنجاب حکومت خصوصاً شہبازشریف کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ کے مختلف صحافتی ذرائع سے سامنے آنے والے مندرجات کئی پہلوؤں سے اہم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس رپورٹ کے مصدقہ مندرجات سے آگاہی قوم کا بنیادی حق ہے، بلاتاخیر منظرِعام پر لایا جائے۔
ترجمان نے کہاکہ کمیشن نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت ن لیگی حکومت کی کابینہ کی کلیدی شخصیات کی گواہی کی روشنی میں شہبازشریف اور اس کی پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ شہبازشریف مستعفیٰ ہوں اور اپنی مجرمانہ کوتاہیوں کا جواب قوم کو پیش کریں۔
ن لیگ کی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم کھل کر سامنے آگئی، ترجمان پی ٹی آئی
ترجمان پی ٹی آئی نے کہاکہ ن لیگ کی ریاستی اداروں اور ان سے منسلک شخصیات کے خلاف نفرت انگیز مہم بھی کھل کر سامنے آئی ہے۔ بند دروازوں کے پیچھے پیروں میں لیٹنے اور باہر بھڑھکیں ہانک کر سیاسی الو سیدھا کرنا ن لیگ کی پہچان بن چکا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ اہم قومی و حکومتی امور پر بننے والے کمیشنز کی رپورٹ دبا کر اپنے جرائم چھپانا اور ذمہ داروں کو بچانا بھی اقتدار پر غاصب مجرموں کا وطیرہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ کمیشن نے اپنی سفارشات میں خفیہ ایجنسیوں اور اداروں کے سیاست میں کردار پر بھی لب کشائی کی ہے جس کی حقیقت قوم پر کھلنا اہم ہے۔
ترجمان نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان رپورٹ کو منظرِعام پر لانے اور کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد سمیت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کریں۔