وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کرنے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کا خیال رکھتے ہوئے شدید گرمی میں لوڈ مینجمنٹ کی صورت حال میں بہتری لائی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ مینجمنٹ اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کے خلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ میں ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیشرفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور معاونت کریں۔
انہوں نے کہاکہ قومی مفاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کا یہ تقاضا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔
وزیراعظم کی اوور بلنگ نہ کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے اور اس حوالے سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے حوالے سے حکمت عملی جلد از جلد ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کو حکام کی جانب سے بریفنگ
اجلاس کو بجلی کی لوڈ مینجمنٹ اور بجلی چوری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر پاور کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔
حکام نے کہاکہ لائحہ عمل کے تحت خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی، نادہندگان سے بجلی کے بلوں وصولی اور لائن لاسز میں کمی لائی جائے گی۔
لوڈ شیڈنگ وہاں ہورہی ہے جہاں لائن لاسز اور بلوں کی ریکوری کم ہے
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ ایسے علاقوں میں کی جارہی ہے جہاں بجلی کی چوری اور لائن لاسز زیادہ ہیں اور بلوں کی ریکوری بہت کم ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور اویس احمد لغاری، وزیر مملکت علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چئیرمین واپڈا اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔