محکمہ موسمیات نے انتباہ کیا ہے کہ اگلے 2روز کے دوران ملک کے جنوبی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، گزشتہ روز بھی ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد 52، دادو، لاڑکانہ، موہنجوداڑو 51، رحیم یار خان، سبی، سکھر، شہید بینظیر آباد، خانپور، بھکر، خیرپور 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئے تھے۔
اسی طرح بہاولنگر، روہڑی، پڈعیدن 49، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، جھنگ، قصور، خانیوال، کوٹ ادو، ملتان، نور پور تھل اور سکرنڈ میں 48ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔
مزید پڑھیں
تاہم آج کے روز بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، جبکہ بعداز دوپہر بعض مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ تاہم گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45ڈگری تک جانے کا امکان ہے، فضائی آلودگی کی شرح میں بھی اضافہ ہونے سے ایئر کوالٹی انڈیکس 215 ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔
تاہم چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، بونیر، پشاوراور مردان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم رہنے کے علاوہ اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، جھنگ اور میانوالی میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ کوئٹہ، ژوب اور زیارت اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے جبکہ ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
اس دوران کراچی، بدین اورٹھٹھہ اور گردونواح میں آندھی چلنے کا امکان ہے، کشمیر، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔