قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو قومی سلیکشن کمیٹی سے برطرف کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے قومی سلیکشن کمیٹی کے اہم ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کا یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ناکام کیوں ہوئی؟ وہاب ریاض نے اہم رپورٹ پیش کردی
شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں ایک چیز پر یقین رکھتا ہوں کہ کوئی بھی فیصلہ لیں تو اس سسٹم کو یا کپتان کو پورا موقع اور وقت دیں، یعنی اس کو چلنے دیں‘۔
شاہد آفریدی کھل کے بابر اعظم کی کپتانی کے خلاف سامنے آ گئے .
بابر کو بہت چانس دے دیا ہم نے بھی کپتانی کی ہے اگر ٹیم کی سرجری کرنی ہے تو کپتان سے لے کر سب کی مکمل سرجری کریں . شاہد آفریدی..!! pic.twitter.com/U9uImD0Bki
— Raja Saad (@rajasaadshoukat) July 10, 2024
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت مصباح الحق اور یونس خان نے بھی کپتانی کی لیکن بابراعظم کی طرح اتنا کھلا چانس کسی کپتان کو نہیں ملا، ورنہ جیسے ہی ورلڈکپ ختم ہوتا سب سے پہلے کپتان کے اوپر چھری پھیری جاتی تھی۔
’بابراعظم کو تو 3 ورلڈکپ، 2 سے 3 ایشیا کپ سمیت زبردست موقع ملا، اب جو بھی سرجری کرنی ہے تو ایک ہی دفعہ کی جائے اور جس کو کپتان بنایا جائے اس کو پورا وقت اور موقع دیا جائے۔‘
یہ بھی پڑھیں : ’سرجری‘ شروع: وہاب، عبدالرزاق سلیکٹرز نہیں رہے، دیگر تبدیلیاں بھی متوقع
شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے تو ابھی پتا چلا کہ سلیکشن کمیٹی کے ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کیا گیا ہے، لیکن یقین جانیں مجھے یہ والی سرجری سمجھ نہیں آئی، کیونکہ سلیکشن کمیٹی 6 سے 7 لوگوں کی تھی، ایسے میں صرف ان 2 کو کیوں ہٹایا گیا۔
واضح رہے کہ عبدالرزاق قومی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جبکہ وہاب ریاض مینز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے، تاہم پی سی بی نے دونوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گراس روٹ لیول کی کرکٹ میں سرجری کی ضرورت ہے، شاہد آفریدی
پی سی بی نے اپنے مختصر اعلامیے میں کہا ہے کہ بورڈ کو وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔