بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ڈاٹ کام پر 10 کروڑ فالوورز رکھنے والے دنیا کے پہلے وزیر اعظم بن گئے ہیں، تاہم سب زیادہ فالوورز کے اعتبار سے عالمی سیاستدانوں کی فہرست میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔
اتوار کو نریندر مودی کے ایکس ڈاٹ کام کے اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 100 ملین یعنی 10 کروڑ پہنچ گئی جس کے بعد وہ اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پہلے وزیر اعظم مگر عالمی سیاستدانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، سابق امریکی صدر باراک اوباما اس ضمن میں سب سے آگے ہیں۔
A hundred million on @X!
Happy to be on this vibrant medium and cherish the discussion, debate, insights, people’s blessings, constructive criticism and more.
Looking forward to an equally engaging time in the future as well. pic.twitter.com/Gcl16wsSM5
— Narendra Modi (@narendramodi) July 14, 2024
سیاسی طور پر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ڈاٹ کام پر 100 ملین فالوورز کا سنگ میل عبور کرنے پر اپنی پوسٹ میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بحث، مباحثہ، بصیرت، لوگوں کی دعاؤں، تعمیری تنقید اور بہت کچھ کو پسند کرتے ہوئے اس متحرک میڈیم پر وہ بہت خوش ہیں۔
حال ہی میں تیسری مرتبہ بھارتی وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے 73 سالہ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے سماجی شمولیت کے رابطوں کی امید کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر ان کی امید کا یہ حالیہ اظہار ان کی 2 مارچ 2020 کی ٹوئیٹ میں اچھا خاصا مایوسی پر مبنی تھا جب انہوں نے فیس بک، ٹوئٹر موجودہ ایکس ڈاٹ کام، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
This Sunday, thinking of giving up my social media accounts on Facebook, Twitter, Instagram & YouTube. Will keep you all posted.
— Narendra Modi (@narendramodi) March 2, 2020
مختلف ہندوستانی سیاست دانوں کے سوشل میڈیا فالوورز کا موازنہ کیا جائے تو وزیر اعظم نریندر مودی سوشل میڈیا فالوورز کے لحاظ سے سب سے زیادہ نمایاں شخصیت رہے ہیں جبکہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کے 2 کروڑ 64 لاکھ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے 2 کروڑ 75 لاکھ فالورز ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا کے اس مقابلے میں وزیر اعظم مودی دیگر عالمی شخصیات مثلاً امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دبئی کے موجودہ حکمران شیخ محمد اور پوپ فرانسس سے بھی آگے ہیں، یہی نہیں فالوورز کی دوڑ میں مایہ ناز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی ان سے پیچھے ہیں۔