بابر اعظم کی بحیثیت ٹیسٹ کپتان ناقص کارکردگی، وسیم اکرم بھی بول پڑے

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بابر اعظم کے قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے کے فیصلے کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ ذمہ داری قبول نہیں کرنی چاہیے تھی۔

مانچسٹر میں وقار یونس کے ہمراہ ایک فلاحی فنڈ جمع کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہاکہ وہ کسی کو موردِ الزام ٹھہرانا نہیں چاہتے اور ممکن ہے کہ ان کی رائے غلط ہو، تاہم ان کے خیال میں بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت قبول نہیں کرنی چاہیے تھی۔

سابق کپتان نے کہا، ’میرے خیال میں بابر اعظم کو کپتانی لینی ہی نہیں چاہیے تھی، یہ سب غیر ضروری تھا۔‘

وسیم اکرم نے تیسرے ٹیسٹ میں ٹاس کے موقع پر ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم سے سات کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انہیں اس بارے میں معلوم نہیں۔

وسیم اکرم نے بابر اعظم کے جواب پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’اگر آپ کو نہیں پتا تو آپ یہاں کیا چھولے بیچنے آئے ہیں؟‘

انہوں نے مزید کہاکہ ایک کھلاڑی یا فرد کی حیثیت سے ان کا ماننا ہے کہ اگر ٹیم کا لیڈر یا کپتان اپنے کھلاڑیوں کا ساتھ نہیں دیتا تو وہ اپنی 100 فیصد کارکردگی پیش نہیں کر سکتے۔

وسیم اکرم کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں بابر اعظم کو یہ کہنا چاہیے تھا کہ وہ صرف کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کی بحیثیت ٹیسٹ کپتان کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے، حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp