گلگت بلتستان: ننھے وی لاگر شیراز کا گاؤں سیلاب سے تباہ، سیاچن روڈ بلاک

منگل 6 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ننھے وی لاگر شیراز کے گاؤں ’غورسے‘ میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔

یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کے باعث انتظامیہ کا انتباہ

دریائی کٹاؤ کے باعث سیاچن جانے والی مین شاہراہ بلاک ہوگئی اور سیلاب لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ بند باندھ لیا۔

سوشل ورکر مہدی نے وی نیوز کو بتایا کہ تحصیل مشہ بروم ضلع گنگ چھے کا گاؤں غورسے کے محلے رگیونپی کھور اور کروا میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔

اس وقت گلگت بلتستان سیلاب کی لپیٹ میں ہے اور دریاؤں میں طغیانی کی وجہ سے سنہ 2002 میں تعمیر ہونے والا بند ٹوٹنے کی وجہ سے دریا نے اپنا رخ آبادی کی طرف موڑ لیا ہے اور آبادی میں داخل ہوچکا ہے جس کی وجہ سے  گھر، کھڑی فصلیں، باغات اور پھل دار درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مہدی نے بتایا کہ سیلاب لوگوں کی گھروں میں داخل ہوگیا اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو اطلاع کرنے پر انہوں نے ٹینٹ اور سینڈ بیگ مہیا کیا ہے۔

مزید پڑھیے: گلگت بلتستان: گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کا خطرہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت گاؤں والوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقام تک منتقل کردیا ہے اور تھیلوں میں ریت بھر کر مقامی افراد خود محفوظ بند باندھنے کے لیے کوشاں ہیں تاہم دریا کے بہاؤ میں اضافے کی وجہ سے سیلاب نے آبادی کو شدید نقصان پہنچادیا ہے۔

خپلو سے تعلق رکھنے والے صحافی محمد علی عالم نے وی نیوز کو بتایا کہ اس وقت سیاچن روڈ بند ہونے کی وجہ سے آمدورفت کا نظام متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائی کٹاؤ کی وجہ سے نہ صرف روڈ بلکہ آبادیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

محمد علی عالم نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے واضع اثرات ہمارے علاقے پر پڑ رہے ہیں اور علاقہ سیلاب کی وجہ سے بہت متاثر ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا اس سال پھر شیشپر گلیشیئر پھٹنے سے قراقرم ہائی وے بند ہوسکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اپنی مدد اپ کے تحت سیلاب کو آبادی کی طرف آنے سے روکنے کی کوشش کی ہے اور بند باندھ رہے مگر متعلقہ ادارے اور حکومت انتظامیہ نے نہ ہی متاثرین کی امداد کی ہے اور نہ ہی سیلاب کو ابادی کی طرف روکنے کے لیے کوئی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ ان ذمے داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف مہیا کریں۔

غورسے ننھے وی لاگر شیراز کا گاؤں ہے۔ کچھ روز قبل انہوں نے اپنے وی لاگ میں بھی دکھایا کہ کس طرح سیلاب نے ان کے گاؤں کو نقصان پہنچایا ہے آنے والے دنوں میں مزید کیا مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں۔

ننھے وی لاگر نے اس حوالے سے حکومت سے مدد کی بھی اپیل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: وی لاگنگ ترک کردینے والے ننھے شیراز نے نیا وی لاگ کیوں بنایا؟

ایک رہائشی غلام ہلاوا نے وی نیوز کو بتایا کہ بند ٹوٹنے کی وجہ سے ہمارے گھر سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں اور اب ہم خیمے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھر کا سامان اٹھانے میں اور محفوظ مقام تک پہنچانے میں علاقہ مکینوں نے ہماری مدد کی ہے اور ہم محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ہیں تاہم اب بھی حکومت کی جانب سے مدد کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp