مزید بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا اندیشہ

ہفتہ 10 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ آج صبح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کشمیر، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔

راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ

رجمان واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں رات گئے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی نے عملے کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان میں طوفانی بارشیں، بچوں سمیت 6 افراد جانبحق، سڑکیں اور باغات تباہ

ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور پر 70 ملی میٹر، گولڑہ پر 75 ملی میٹر، بوکڑہ 95 ملی میٹر جبکہ کچہری کے علاقے میں 107 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیچمنٹ ایریا میں بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے نالہ لئی میں پانی کا لیول بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کٹاریاں کے مقام پرپانی کا لیول 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 8 فٹ ہے،کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ علاقوں میں بعض مقا مات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔

دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان، وزیرستان اور اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشیں اور سیلاب: مختلف واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق

بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم زیریں سندھ میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

انتباہ: لینڈ سلائیڈنگ، ظغیانی اور علاقے زیرآب آنے کا اندیشہ

آج رات سے 11 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، لاہور، حافظ آباد، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک اور کشمیر کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد وادی کاغان میں پھنسے سیاحوں کا انخلا جاری

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، مردان، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔

شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp