اسکردو ٹورازم کانفرنس: دوست ممالک کے سفیروں کا سیاحت کے فروغ میں پاکستان کی مدد کا اعادہ

ہفتہ 17 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) پاکستان نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اسکردو میں دوسری ٹورازم کانفرنس کا انعقاد کیا ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین اور دوست ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔

ٹورازم کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اسٹیک ہولڈرز کو پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے کے مواقع فراہم کرنے کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کے قدرتی حسن اور ثقافتی خوبیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، جس کے لیے آئی سی سی آئی صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں دنیا بھر کے سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جار رہے ہیں۔

دوست ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں نے اسکردو میں منعقدہ آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام 3 روزہ کانفرنس میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان کو خطے کا خوبصورت ترین علاقہ قرار دیا اور کہا کہ یہاں سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی اور نجی اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔

گلگت بلتستان کو سیاحتی مرکز بنایا جا سکتا ہے، ڈاکٹر رینا کیونکا

یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان خوبصورت ترین علاقہ ہے، سیاحت کے ذریعے پاکستان دنیا بھر میں اپنے سافٹ امیج کو بڑھانے کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور سیاحتی سہولیات میں اضافہ کر کے اس خطے کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بہت سے منصوبے شروع کرنے کے لیے پرعزم ہے جس میں تعلیم، تجارت، صحت، موسمیاتی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔

سیاحت کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے، مظہر بن مزلان

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر مظہر بن مزلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا بہترین دوست ممالک ہیں اور ہم سب کو پاکستان کی گزشتہ 77 سالوں میں حاصل کردہ کامیابیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے بلکہ اس سے ملک کی قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافتی ورثے اور بھرپور مہمان نوازی کو بھی دکھایا جا سکتا ہے، اس طرح عالمی سطح پر پاکستان کا ایک نرم امیج پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

مصر پاکستان کی تاجر برادری کے لیے ویزا آن آرائیول پر کام کر رہا ہے، ڈاکٹر ایہاب

پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید نے کہا کہ وہ پاکستان کی تاجر برادری کے لیے ویزا آن آرائیول کے لیے کام کر رہے ہیں جس سے یقیناً دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

گلگت بلتستان فطرت کے متلاشیوں کے لیے جنت ہے، خضرفرہادوف

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے شمالی علاقہ جات بے حد خوبصورت ہیں اور سیاحت کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس خطے کے متنوع مناظر، پہاڑوں سے لے کر سرسبز وادیوں اور پُرسکون جھیلوں تک، اسے فطرت سے محبت کرنے والوں اور ایڈونچر کے متلاشیوں کے لیے جنت بنا دیتے ہیں۔

پاکستان خوبصورت ترین ملک ہے، یرزن کرسٹافن

قازقستان کے سفیر یرزن کرسٹافن نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ترین ملک ہے اور اس کے ذہین لوگ اس کا فخر ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لیے کثیر الجہتی تعاون کو بڑھانے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان میں سیاحت کی کوششیں ثمر آور ثابت ہوں گی، ووناہان

میانمار کے سفیر ووناہان نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کیا اور کہا ہے کہ پاکستان کے علاقے ان کے اپنے ملک کے ثقافتی ورثے کے ساتھ مماثلت رکھتے ہیں، امید ہے کہ خطے کی سیاحتی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کی کوششیں ثمر آور ہوں گی۔

یمن کے سفیر محمد مطاہر الاشعبی نے یمن کی سیاحتی صلاحیت، ثقافتی ورثے کے بارے میں بات کی اور پاکستان کے ساتھ سیاحتی تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی۔

پاکستان اور لیبیا کے درمیان مضبوط سیاحتی روابط قائم ہو سکتے ہیں، محمد بن جامہ

لیبیا کے ناظم الامور محمد بن جامہ نے سفر اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور لیبیا کے درمیان مضبوط سیاحتی روابط کا تصور پیش کیا۔ پرتگالی سفارت کار نے پاکستان اور پرتگال کی سیاحتی صنعتوں کے درمیان اشتراک پر تبادلہ خیال کیا

اپنی طرف سے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کامیاب سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر سفیروں اور سفارت کاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور سیاحت کی ترقی کے ذریعے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے  آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp