کینیڈا: معروف پنجابی گلوکار اے پی ڈھلوں کے گھر فائرنگ کیوں ہوئی؟

منگل 3 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر وینکوور میں مایہ ناز پنجابی گلوکار اور ریپر  اے پی ڈھلوں کے گھر کے قریب فائرنگ کی اطلاع ملی ہے، مقامی حکام کی جانب سے سرکاری تصدیق کا ابھی انتظار ہے تاہم اس خبر نے کافی تشویش کو جنم دیا ہے۔

بدنام زمانہ لارنس بشنوئی-روہت گودارا گینگ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے، مجرمانہ سرگرمیوں کی تاریخ رکھنے والے اس گروہ نے مبینہ طور پر اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک دھمکی آمیز پیغام بھی وائرل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈین گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث گولڈی برار امریکا میں ہلاک

مذکورہ پیغام میں انہوں نے یکم ستمبر کی رات کینیڈا میں 2 مقامات پر فائرنگ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایک برٹش کولمبیا میں جہاں بھارتی نژاد اے پی ڈھلوں کا گھر واقع ہے، اور دوسرا ووڈ برج، ٹورنٹو میں۔

فائرنگ کے اس واقعہ کے بعد ایک سفاک پیغام میں گینگ نے گلوکار ڈھلوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حدود میں رہیں ورنہ ’کتے کی موت‘ سمیت سنگین نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں، کہا جاتا ہے کہ یہ دھمکیاں بظاہر پنجابی گلوکار کے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ تعلق سے جڑی دکھائی دیتی ہیں۔

مزید پڑھیں:قتل کرنے کی کوشش کس نے کی؟ سلمان خان نے اہم بیان دے دیا

واضح رہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ گلوکار اے پی ڈھلوں اور سلمان خان  کی میوزک ویڈیو ‘اولڈ منی‘ کی ریلیز کے چند ہفتوں  بعد پیش آیا ہے، جس میں سنجے دت بھی موجود تھے، مذکورہ گینگ پہلے بھی سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرچکا ہے، اس کا تعلق پنجابی ریپر سدھو موسے والا کی ٹارگٹ کلنگ سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت سوشل میڈیا پوسٹس اور فائرنگ کی صداقت کی چھان بین کر رہے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے واقعے یا اے پی  ڈھلوں کو ممکنہ خطرے کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:’موم بتیے‘ پر ہانیہ عامر کی لپ سنگنگ، بے ساختگی پر مداح جھوم اٹھے

بھارتی نژاد 30 سالہ کینیڈین گلوکار اے پی ڈھلوں کا اصل نام امرت پال سنگھ عرف ہیری ہے، جو بھارتی پنجاب کے ضلع گورداسپور کے گاؤں ملیاں وال میں پیدا ہوئے تھے، اور آج ایک مشہور پاپ گلوکار، ریپر، موسیقار، مصنف اور پروڈیوسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp