بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان یک بار پھر بظاہر متنازعہ نوعیت کی ایک وائرل ویڈیو کے باعث سوشل میڈیا پر تبصروں کی زد پر ہیں۔
اس ویڈیو میں وہ بظاہر اپنی بیوی گوری خان سے اونچی آواز میں بات کرتےدیکھے جاسکتے ہیں لیکن مذکورہ ویڈیو کی غیر حاضر آواز کے باعث ایک محفل میں رونما ہونیوالی اس ’ازدواجی بحثا بحثی‘ سے ’جتنے منہ اتنی باتیں‘ کے مصداق سبھی اپنے اپنے نتائج اخذ کررہے ہیں۔
شاہ رخ خان کی یہ وائرل ہونے والی ویڈیو ممبئی میں نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کی افتتاحی تقریب کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس تقریب میں شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کے علاوہ ان کے دونوں بچوں آریان خان اور سہانا خان نے بھی شرکت کی۔
یوں تو نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کی افتتاحی تقریب کی بے تحاشا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، لیکن شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی موبائل سے بنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔
اس بغیر آواز کی ویڈیو میں بظاہر شاہ رخ خان کو اپنی اہلیہ کے مقابلے میں اونچی آواز میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو دیکھنے سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے شاہ رخ خان کی اہلیہ نرم لہجہ اپنائے ان کو کچھ سمجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کچھ صارفین نے سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے اس ریکارڈڈ سین کو ازدواجی جھگڑے سے تعبیر کیا اور بعض نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ شاہ رخ خان نے زیادہ پی کرمجمع میں اپنی بیوی سے کچھ اچھا رویہ کا مظاہرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب بیشتر صارفین نے شاہ رخ خان کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ یہ جھگڑا کرتے دکھائی نہیں دے رہے۔ ایسا نہیں لگ رہا کہ شاہ رخ خان نے نشہ کیا ہوا ہے۔۔۔ اگر وہ لڑ بھی رہے ہیں تو یہ میاں بیوی کے درمیان عام بات ہےاور براہ کرم ان پر نشہ میں جھگڑا کرتے ہوئے جیسے الزامات عائد کرنا بند کردیں۔
اسی طرح کچھ صارفین نے لکھا کہ میوزک کی آواز زیادہ ہے اسی لیے زور سے بول رہے ہیں۔
تقریب میں دیگر بالی ووڈ اداکار سلمان خان،عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا نے بھی شرکت کی جبکہ شوبز سے وابستہ نک جونس، گیگی حدید، پینیلوپی کروز اور ٹام ہالینڈ جیسے غیر ملکی مہمان بھی اس تقریب کا حصہ بنے۔