پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ، سامان کے بغیر مسافروں کو گلگت پہنچا دیا

اتوار 15 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے گلگت جانے والی پرواز پر مسافروں کو ان کے سامان کے بغیر ہی گلگت پہنچا دیا، یہ واقعہ نہ صرف مسافروں بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی شدید مشکلات کا باعث بنا، جو پاکستان کے حسین علاقوں کی سیر کے لیے آئے تھے۔

پی آئی اے کی غفلت کے باعث ان سیاحوں کا ضروری سامان اسلام آباد میں چھوڑ دیا گیا، جس کی وجہ سے ان کی سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور انہیں گلگت پہنچ کر بنیادی ضروریات کے بغیر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے نے دوران پرواز تصویر اور ویڈیو بنانے پر پابندی کیوں عائد کی؟

یہ پہلا واقع نہیں ہے کہ پی آئی اے کی طرف سے اس قسم کی کوتاہی دیکھنے میں آئی ہو، اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جب پی آئی اے نے مسافروں کو ان کے سامان کے بغیر دوسری منزل پر پہنچایا، ان واقعات کی وجہ سے مسافروں میں شدید غم و غصہ بھی پایا گیا۔

سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے شدید تنقید کی گئی اور غصے کا اظہار کیا گیا، جس میں لوگوں نے بتایا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ کئی بار ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں مگر اس کے باوجود واقعات رونما ہونا افسوسناک ہے۔ غیر ملکی سیاح، جو پہلی بار پاکستان آئے تھے، خاص طور پر مایوس ہوئے کیونکہ وہ اپنی سیاحت کے لیے ضروری سامان سے محروم رہے۔

ان میں سے کئی سیاحوں کا گلگت بلتستان کی سیاحت کا مقصد یہاں کی قدرتی خوبصورتی اور پہاڑی علاقوں سے لطف اٹھانا تھا، لیکن سامان نہ ملنے کی وجہ سے ان کی منصوبہ بندی متاثر ہوئی۔

گلگت بلتستان ایک سیاحتی مقام ہے، جہاں ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں، لیکن پی آئی اے کی یہ کوتاہی نہ صرف مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہے بلکہ پاکستان کی سیاحتی صنعت پر بھی منفی اثر ڈالنے کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا ایک اور انوکھا کارنامہ، میت چھوڑ کر روانہ

پی آئی اے کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کا سامان جلد از جلد گلگت پہنچا دیا جائے گا، لیکن مسافروں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے گلگت فلائٹ کینسل ہونا معمول کی بات ہے، مسافروں کو اکثر فلائٹ کینسل ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اب پی آئی اے کی جانب سے اس طرح کی کوتاہیوں سے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی اے اپنی سروسز میں بہتری لائے اور مسافروں کے سامان کی حفاظت اور وقت پر فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ ایسے ناخوشگوار واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp