مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے عرصے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، سی پیک کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا چین خیرمقدم کرے گا، جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی بھی شامل ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات pic.twitter.com/oDpS1oICm8
— Pervaiz Sandhila (@chsandhilaa) September 25, 2024
اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں اس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لیے بہت سے فلاحی منصوبوں کی قیادت کررہی ہیں، جن کے ساتھ پنجاب انفرااسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے کر سکتے ہیں۔ انہوں پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کو ہمیشہ خوش آمدید کہتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیےمخصوص ’چائنیز اکنامک زونز‘ کے قیام کی تجویز پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:چین کے اعلیٰ سطح کے وفد کا ایس آئی ایف سی کا دورہ، سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں، پاکستان غربت میں کمی کے لیے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
چینی سفیر نے پنجاب میں زراعت کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، کسان کارڈ، ٹریکٹر اسکیم جیسے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ایس آئی ایف سی کے تعاون سے چینی کمپنی پنجاب میں سولر پینل پلانٹ لگائے گی
چینی سفیر کے مطابق پاکستان کے 1000 کسانوں کو چینی ماہرین جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت دیں گے‘‘۔ وزیر اعلیٰ نے زراعت میں مشینوں اور پانی کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں چینی مہارت سے استفادہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر چین میں خوش آمدید کہا جائے گا، نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران پاک چین تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔
مزید پڑھیں:چین کا بڑا گروپ پاکستان میں 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا، عطا تارڑ
’محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بہت بلندیوں پر گئے اور مریم نواز شریف کے ساتھ مل کر اسے مزید آگے لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔‘
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔